پاکستان میں کورونا سے ہلاکتیں639 ہو گئی،دنیا میں متاثرین کی تعداد 41 لاکھ سے تجاوز کر گئی

پاکستان میں کورونا سے ہلاکتیں639 ہو گئی،دنیا میں متاثرین کی تعداد 41 لاکھ سے ...
پاکستان میں کورونا سے ہلاکتیں639 ہو گئی،دنیا میں متاثرین کی تعداد 41 لاکھ سے تجاوز کر گئی

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 639 ہو گئی جبکہ کورونا کے مریضوں کی تعداد 29 ہزار 465 تک پہنچ گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1991 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق اور 21 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ملک میں کورونا وائرس کے 8 ہزار 23 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

سندھ میں کورونا کے اب تک 10,771 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پنجاب 11 ہزار 93، خیبرپختونخوا 4,509، بلوچستان 1,935، اسلام آباد 641، آزاد کشمیر 86 اورگلگت بلتستان میں 430 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 234 اموات ہوئی ہیں۔ سندھ میں 180، پنجاب میں 192، بلوچستان 24، اسلام آباد 05 اور گلگت بلتستان میں کورونا سے 4 افراد جاں بحق ہوئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے 155 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 12 ہزار 982 ٹیسٹ کیے گئے جبکہ ک±ل 2 لاکھ 70 ہزار 25 ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں۔

ادھرعالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے پوری دنیا میں متاثرہ افراد کی تعداد 41 لاکھ ایک ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہ جاں بحق افراد کی تعداد دو لاکھ 80 ہزار سے تجاوز کر گئی۔

عالمی خبر رساں ایجنسیوں کے حوالے سے بتایا گیاہے کہ پوری دنیا میں اب تک اپنے یقین، مضبوط قوت ارادی اور طاقتور مدافعتی نظام کی بدولت 14 لاکھ 41 ہزار سے زائد افراد کورونا کو شکست بھی دے چکے ہیں۔خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 13 لاکھ 47 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ 80 ہزار سے زائد اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔

سپین میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 62 ہزارسے زائد ہو گئی ہے۔ اس طرح سپین میں جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 26 ہزار 4 سوسے بڑھ گئی ہے۔اٹلی میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 18 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہ جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 30 ہزار 3 سو سے زائد ہو گئی ہے۔

عالمی خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے مزیدبتایاگیا ہے کہ برطانیہ میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد دو لاکھ 15 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ میں 31 ہزار 5 سو سے زائد افراد نے داعی اجل کو لبیک کہا ہے۔فرانس میں ایک لاکھ 76 ہزار سے زائد افراد اب تک کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 26 ہزار 3 سو سے بڑھ گئی ہے۔

جرمنی میں بھی کورونا کے باعث اموات کا سلسلہ جاری ہے۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق اب تک سات ہزار 540 سے زائد اموات ہوچکی ہیں۔ کورونا سے متاثرہ افراد کی کل تعداد ایک لاکھ 71 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ترکی میں مہلک وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد تین ہزار 700 سے تجاوز کرگئی ہے اور ایک لاکھ 37 ہزار سے زیادہ افراد متاثر ہو چکے ہیں۔دستیاب اعداد و شمار کے مطابق ایران میں کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد چھ ہزار 589 سے بڑھ گئی ہے۔ ایران میں اب تک ایک لاکھ چھ ہزار 220 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -علاقائی -اسلام آباد -