کورونا کے کاری وار، پاکستان میں 659 افراد جاں بحق، دنیا میں ہلاکتیں 2 لاکھ 81 ہزار 784 ہوگئیں

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ اتوار کے روز پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 30 ہزار 334 ہوگئی ، اس وبا کی وجہ سے اب تک پاکستان میں 659 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کورونا وائرس کے 869 کیسز سامنے آئے ہیں جس کی وجہ سے کیسز کی مجموعی تعداد30 ہزار334 ہوگئی ہے۔ ایک دن کے دوران پاکستان میں کورونا کے سبب 20 افراد جان کی بازی ہارے ہیں جس کی وجہ سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 659 ہوگئی ہے۔ پاکستان میں 8 ہزار 63 افراد اب تک کورونا کی وبا سے صحتیاب ہوچکے ہیں ۔ ایک دن کے دوران پاکستان بھر میں 13 ہزار 341 لوگوں کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جس کے بعد پاکستان میں اب تک ہونے والے ٹیسٹوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 83 ہزار 517 ہوگئی ہے۔
صوبوں کی صورتحال
پاکستان میں ایک بار پھر صوبہ سندھ کورونا کے سب سے زیادہ مثبت کیسز کے ساتھ پہلے نمبر پر آگیا ہے۔ سندھ میں اب تک 11 ہزار 480 لوگوں میں کورونا کی تشخیص ہوچکی ہے جبکہ پنجاب کورونا کے مثبت کیسز کے اعتبار سے دوسرے نمبر پر ہے ۔پنجاب میں اب تک 11ہزار 93 لوگوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ خیبر پختونخوا میں کورونا کے 4 ہزار 669 ، بلوچستان میں ایک ہزار935 ، اسلام آباد میں 641 ، گلگت بلتستان میں 430 اور آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے 86 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
عالمی صورتحال
کورونا کی وبا اب تک دنیا کے ہر کونے تک پھیل چکی ہے ، کوئی ملک ایسا نہیں جو اس وبا سے محفوظ رہا ہو۔ دنیا بھر میں اب تک کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 41 لاکھ 45 ہزار 620 ہوچکی ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ 81 ہزار 784 ہوگئی ہے۔ اب تک دنیا بھر میں 14 لاکھ 62 ہزار 576 افراد کورونا کی وبا سے جان چھڑانے میں کامیاب رہے ہیں۔
سب سے متاثرہ ممالک
دنیا میں کورونا کی وبا سے سب سے زیادہ متاثر امریکہ ہوا ہے جہاں 13 لاکھ 52 ہزار 313 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔ سپین میں 2 لاکھ 64 ہزار 663 ، برطانیہ میں 2 لاکھ 19 ہزار 183، اٹلی میں 2 لاکھ 19 ہزار 70 ، روس میں 2 لاکھ 9 ہزار 688، فرانس میں ایک لاکھ 76 ہزار 658 ، جرمنی میں ایک لاکھ 71 ہزار 639 ،برازیل میں ایک لاکھ 56 ہزار 604 ، ترکی میں ایک لاکھ 38 ہزار657 اور ایران میں 1 لاکھ 7 ہزار 603 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
سب سے زیادہ ہلاکتیں
کورونا کی وجہ سے سب سے زیادہ ہلاکتیں بھی امریکہ میں ہوئی ہیں جہاں اس وبا کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد 80 ہزار 186 تک پہنچ گئی ہے۔ برطانیہ میں 31 ہزار 855 ، اٹلی میں کورونا کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد 30 ہزار 560،سپین میں 26 ہزار 621 ، فرانس میں 26 ہزار 310 اور برازیل میں 10 ہزار 697 افراد کورونا کی وجہ سے زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔