امریکی فوجی کے ہاتھوں اپنی ہی بیگم قتل، دوسال بعد ٹھکانے لگانے کی کوشش میں ایسا کام کربیٹھا کہ خود ہی مصیبت میں پھنس گیا
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ میں ایک فوجی نے اپنی بیوی کو قتل کرکے دو سال تک اس کی لاش گھر کے فریزرمیں چھپائے رکھی اور بالآخر جب اسے ٹھکانے لگا تو پولیس کے ہتھے چڑھ گیا۔
ڈیلی سٹار کے مطابق اس امریکی نیوی آفیسر کا نام میتھیو سلیوین ہے جس نے دو سال قبل اپنی بیوی الزبتھ کو قتل کیا اور لاش فریزر میں ڈال دی۔ ان دونوں کی دو بیٹیاں تھیں، جن کی پرورش الزبتھ نے سالہا سال تک اکیلے کی، کیونکہ میتھیو کی پوسٹنگ زیادہ تر وقت دیگر ممالک میں رہی۔
32سالہ الزبتھ اور میتھیو کی ملاقات ورجینیا میں ہوئی تھی جہاں الزبتھ پیدا ہوئی اور پلی بڑھی تھی۔ ان دونوں نے 2010ءمیں شادی کی اور سین ڈیاگو منتقل ہو گئے۔ رپورٹ کے مطابق میتھیو نے دو سال تک الزبتھ کی لاش فریزر میں رکھنے کے بعد جب گھر تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا تو الزبتھ کی لاش فریزر سے نکال کر خلیج سین ڈیاگو میں پھینک کر مستقل طور پر ٹھکانے لگانے کی کوشش کی تاہم لاش پانی پر تیرنے لگی جسے شہریوں نے دیکھ کر پولیس کو اطلاع دے دی۔پولیس نے میتھیو کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیاجہاں سے اب اسے 16سال قید کی سزا سنا کر جیل بھجوا دیا گیا ہے۔