چین کا اقتصادی اور سیاسی ایجنڈا طے کرنے کے لیے اہم اجلاس شروع
بےجنگ (ثناءنیوز)آئندہ دہائی کے لیے چین کا اقتصادی اور سیاسی ایجنڈا طے کرنے کے لیے چینی رہنماں کا اہم اجلاس بیجنگ میں شروع ہوگیا ہے۔ ہفتے کو اس چار روزہ اجلاس کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے چین کے سرکاری خبر رساں ادارے زنہوا نے کہا ہے اس اجلاس میں جامع اور دیرپا اثر رکھنے والی اصلاحات کے بارے میں اہم معاملات پر بات چیت ہوگی۔اجلاس میں جن موضوعات کے زیرِ بحث آنے کی توقع ہے ان میں معاشی شعبے کی آزادی، سرکاری ادارے اور کاروبار اور ملک میں خاندانوں کے رجسٹریشن کے نظام کی اصلاح شامل ہیں۔اس اجلاس میں عالمی دلچسپی اس وقت زیادہ بڑھ گئی تھی جب چین کی کمیونسٹ پارٹی کے سینیئر رہنما تو زینگ شینگ نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ اس میں ایسی اقتصادی اور معاشرتی اصلاحات زیرِ بحث آئیں گی جن کی نظیر نہیں ملتی۔چین میں حکومت سے وابستہ تھنک ٹینک ڈویلپمنٹ ریسرچ سنٹر آف دی سٹیٹ کونسل کی جاری کردہ حالیہ رپورٹ میں اصلاحات کے لیے آٹھ کلیدی شعبوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔اس اہم اجلاس کے موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔383 منصوبہ نامی اس منصوبے میں چینی رہنماں سے معاشی شعبے کو آزادی دینے، ایجاد و اختراع اور مقابلے کی فضا کو فروغ دینے اور حکومت کے معاملات میں شفافیت بڑھانے کو کہا گیا ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق اس اجلاس میں کسی قسم کی سیاسی اصلاحات کے زیرِ بحث آنے کا امکان نہیں ہے۔اس اجلاس کو تھرڈ پلینم کا نام دیا جاتا ہے اور یہ چین کے موجودہ صدر شی جن پنگ کے دس سالہ دورِ اقتدار کا پہلا ایسا اجلاس ہے۔
شی جن پنگ کے پیشرو ہوجن تا کی قیادت میں چین دنیا کی دوسری سب سے بڑی معیشت بنا تھا لیکن اب اس کی ترقی کی رفتار سست ہوئی ہے اور تشویش ظاہر کی جا رہی ہے کہ اس کا اثر ملک کے سماجی استحکام پر پڑ سکتا ہے۔ماضی میں ایسے تھرڈ پلینم ملک کی ترقی پر گہرے اثرات ڈالتے رہے ہیں۔1978 میں اپنے تھرڈ پلینم میں سابق رہنما ڈینگ زیا پنگ نے چین کی معیشت کو آزاد بنانے کا اعلان کیا تھا جبکہ 1993 میں زو رونگ جی نے ملک میں سرکاری سیکٹر کو ختم کرتے ہوئے سوشلسٹ مارکیٹ اکانومی کا اعلان کیا تھا۔