نواز شریف باہر کے دوروں کی بجائے ملک کی صورتحا ل پر غور کریں :عمران خان
نوشہرہ(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں آگ لگی ہوئی ہے لوگ بے روز گاری اور مہنگائی کے سمندر میں ڈوب رہے ہیں نواز شریف کو چاہئے کہ وہ اپنا وقت پاکستان میں گزاریں۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ نواز شریف بار بار بیرون ملک کے دوروں پر روانہ ہوجاتے ہیں، جس ملک میں آگ لگی ہو، دہشت گردی ہو اور جہاں کوئی کرکٹ ٹیم کھیلنے نہیں آتی وہاں کوئی سرمایہ کاری کرنے کیوں آئے گا۔ نواز شریف کو چاہئے کہ مذاکرات کی سربراہی کریں اور دوروں کے بجائے امن پر زور لگائیں۔انہوں نے کہاکہ یہاں کئی ایسے گروپ ہیں جنہیں بیرون ممالک سے پیسے ملتے ہیں کہ پاکستان کو حالت جنگ میں رکھا جائے، پہلے طالبان کا ایک گروپ تھا اور اب 40 بن چکے ہیں۔ ملک گزشتہ 9 سال سے حالت جنگ میں ہے اور اس جنگ میں سب سے زیادہ فاٹا اور خیبر پختونخوا متاثر ہوا، ان علاقوں میں صرف ایک سال میں 250 حملے ہوئے ہیں جس سے لوگوں کا معاشی قتل ہورہاہے۔ان کا کہنا تھاکہ 9 سال میں پہلی بار سیاسی حکومت مذاکرات کرنے جارہی تھی لیکن ڈرون حملےمیں حکیم اللہ کو ہلاک کرکے پاکستانی قوم کے خلاف سازش کی گئی اور مذاکرات کو سبوتاڑ کردیا۔خیبر پختونخوا کے وزرا کی کرپشن کے حوالے سے پوچھے جانے والے سوال عمران کا کہنا تھاکہ ہم امن اور کرپشن کے خلاف نعرہ لگا کر حکومت میں آئے ہیں اگر کوئی وزیر کرپشن میں ملوث ہوا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔