ناقص کارکردگی ودیگر الزامات پر 2انسپکٹر ،ایک پٹرولنگ آفیسر اور 2ٹریفک وارڈنز معطل

ناقص کارکردگی ودیگر الزامات پر 2انسپکٹر ،ایک پٹرولنگ آفیسر اور 2ٹریفک ...

  

 لاہور(کرائم رپورٹر)چیف ٹریفک آفیسرلاہور طیب حفیظ چیمہ نے ٹریفک کے بہاؤ کی بہتری اورانتظامات کا جائزہ لینے کیلئے مال روڈ ،جیل روڈ ،فیروز پور روڈ،گڑھی شاہو ،مزنگ اور انارکلی کا دورہ کیا۔انہوں نے ناقص کارکردگی پر انچارج گڑھی شاہوکو معطل اور انچارج میکلوڈ روڈ کو 3ہزار روپے جرمانہ کیا۔تجاوزات اورغلط پارکنگ کے خلاف ٹھوس اقدامات نہ کرنے پرپٹرولنگ آفیسر سمیت 3ٹریفک وارڈنز کو معطل کر دیاجبکہ دوران ڈیوٹی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر نقد انعامات دینے کے احکامات جاری کئے ۔ انہوں نے تمام ڈی ایس پیزاورسیکٹرز انچارجوں کو سختی سے ہدایت کی کہ اپنے اپنے علاقوں میں غلط پارکنگ اور تجاوزات کیخلاف ٹھوس کارروائی پر خصوصی توجہ رکھیں تاکہ شہریوں کو ٹریفک کی روانی میں کوئی دشواری پیش نہ آئے۔چیف ٹریفک آفیسر نے وزٹ کے دوران ناقص کارکردگی پر سیکٹر انچارج گڑھی شاہوانسپکٹر ریاست کو معطل،انسپکٹر میکلوڈ روڈ کو 3ہزار روپے جرمانہ ،غلط پارکنگ اور تجاوزات کے خلاف مناسب اقدامات نہ کرنے پر پٹرولنگ آفیسر گڑھی شاہو مدثر سمیت جی پی او چوک میں تعینات ٹریفک وارڈنز نوید اور عامر کو معطل کردیا جبکہ اچھی ڈیوٹی کرنے پر سیکٹر مزنگ کے ٹریفک وارڈن فیصل اور سیکٹر کوٹ لکھپت کے ٹریفک وارڈن عمران کوایک ایک ہزار روپے نقد انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وارڈنز ڈیوٹی کو عبادت سمجھ کر کریں اور دوران ڈیوٹی نرمی سے پیش آتے ہوئے شہریوں کی مدد،راہنمائی کو معمول بنائیں۔طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ غلط پارکنگ اور تجاوزات کیخلاف ٹھوس اقدامات نہ کرنے والے افسران اور وارڈنز کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

مزید :

علاقائی -