راولپنڈی،ملتان میں میڈیکل یونیورسٹیاں قائم کرنے کا فیصلہ کیا ،سلمان رفیق

راولپنڈی،ملتان میں میڈیکل یونیورسٹیاں قائم کرنے کا فیصلہ کیا ،سلمان رفیق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور ( جنرل رپورٹر)وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے حکم پر راولپنڈی اور ملتان میں میڈیکل یونیورسٹیز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ان یونیورسٹیوں کے قیام سے میڈیکل کی تعلیم کو فروغ حاصل ہو گا ۔پبلک ہیلتھ ، نرسنگ اور الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے شعبوں میں ترقی ہو گی ۔ اس بات کا اعلان مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت شمالی اور جنوبی پنجاب کے ریجن میں ایک ایک میڈیکل یونیورسٹی کے قیام کے سلسلہ میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا ۔ اجلاس میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ ،کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ ، وائس چانسلر کنگ ایڈ ورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر فیصل مسعود ، پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر جنید سرفراز خان ، پرنسپل راولپنڈی میڈیکل کالج پروفیسر محمد عمر ، پرنسپل نشتر میڈیکل کالج پروفیسر کامران سالک ، ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل ) ڈاکٹر سلمان شاہد، ڈپٹی سیکرٹری میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر ناصر شاکر نے شرکت کی ۔ اجلاس میں پرنسپل راوپنڈی میڈیکل کالج اور پرنسپل نشتر میڈیکل کالج نے اس حوالے سے بریفنگ دی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبہ سندھ میں سرکاری شعبہ میں آٹھ یونیورسٹیاں کام کر رہی ہیں جبکہ پنجاب میں صرف تین ہیں اور پنجاب کی آبادی تقریباً 12 کروڑ تک پہنچ چکی ہے ۔ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نجم احمد شاہ نے کہا کہ دونوں شہروں میں میڈیکل یونیورسٹیوں کے قیام کے لئے وسائل ، اراضی اور ہسپتال موجود ہیں ۔علاوہ ازیں جتنے وسائل اضافی درکار ہوں گے حکومت فراہم کرے گی ۔ انہوں نے وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی فوری طو رپر تشکیل دینے کی ہدایت کی جو مذکورہ یونیورسٹیوں کے قیام کے سلسلہ میں ایک ہفتہ کے اندر اپنی سفارشات حکومت کو پیش کرے گی ۔

مزید :

علاقائی -