ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کا سیشن کورٹ اور بخشی خانہ کا دورہ ، ہتھکڑیوں کی کمی کانوٹس
لاہور(نامہ نگار)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نذیر احمد گجانہ کا سیشن کورٹ اور بخشی خانے کے دورہ کے موقع پر ملزموں کو لگائی جانے والی ہتھکڑیوں کی کمی کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی ہیڈ کوارٹر اور سی سی پی او لاہور کو 3روز میں ہتھکڑیوں کی تعداد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ،سیشن جج نے سیکیورٹی چیک کی اور ملزموں کے مسائل بھی سنے ۔فاضل جج نے سیشن کورٹ کے دورہ کے موقع پربتایا گیا تھا کہ ہتھکڑیوں کی تعداد کم ہونے کی وجہ سے ملزمان عدالتوں میں تاخیرسے پیش کئے جاتے ہیں ،یہ بھی بتایا گیا کہ ایک عدالت سے ملزمان فارغ ہونے کے بعد ان کی ہتھکڑیاں دوسرے ملزمان کو لگا کر ان کو پیش کرنا پڑتا ہے جس پر سیشن جج نے بخشی خانے میں ملزمان کی تعداد کے مطابق ہتھکڑیاں کم ہونے اور ملزمان کے عدالتوں میں تاخیر سے بھجوانے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی ہیڈ کواٹر اور سی سی پی او کوفوری طور پر حکم دیا کہ 3روز کے اندر بخشی خانوں مین ہتھکڑیوں کی کمی کو پورا کیاجائے ،سیشن جج نے یہ حکم بھی جاری کیا کہ ملزمان کو عدالت کے طلب کرنے پر فوری پیش کیا جائے ۔
سیشن جج نے سیشن کورٹ کے داخلی اور خارجی راستوں کی سیکیورٹی کو چیک کیا ،اس موقع پر انہوں نے سیکورٹی انچارج انسپکٹر عابد کو سیکورٹی کو مزید بہتر بنانے کے لئے کے حوالے سے بھی خصوصی احکامات جاری کئے۔