پیرا میڈیکل سٹاف کا 14 نومبر کو احتجاجی مظاہرے کا اعلان

پیرا میڈیکل سٹاف کا 14 نومبر کو احتجاجی مظاہرے کا اعلان

  

لاہور(جنرل رپورٹر) پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن نے ہسپتالوں میں ڈیلی ویجز اور ورک چارج ملازمین کو نئی بھرتی سے پہلے ریگولر نہ کرنے پر 14 نومبر کو پی آئی سی چوک میں احتجاجی مظاہرہ کا اعلان کردیا ہے۔ اس امر کا اظہار پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے صوبائی چیئرمین محمد یوسف بلا، ارشد بٹ، راشد گجر اور رشید مغل نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ گزشتہ روز صحافیوں سے بات چیت کے دوران کیا ہے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ منیر مسیح، رانا مالک، بابا مجید اور پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ اس موقع پر صوبائی چیئرمین محمد یوسف بلا اور صدر ارشد بٹ نے کہا ہے کہ سروسز ہسپتال سمیت دیگر ہسپتالوں میں نئی بھرتی کی جا رہی ہے جس میں کئی سالوں سے ہسپتالوں میں کام کرنے والے ورک چارج اور ڈیلی ویجز ملازمین ملازمین کو ریگولر نہیں کیا جا رہا ہے۔

اس بارے محکمہ صحت کے افسران، ہسپتالوں کے پرنسپلز اور ایم ایس صاحبان متعدد بار یقین دہانیاں کروا چکے ہیں، اس کے باوجود محکمہ صحت کے اعلیٰ افسران اور ہسپتالوں کی انتظامیہ ٹس سے مس نہ ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا جاتا ہے کہ وہ مداخلت کر کے سروسز ہسپتال سمیت دیگر ہسپتالوں میں کئی کئی سالوں سے ڈیلی ویجز اور ورک چارج کی بنیاد پر کام کرنے والے ملازمین کو نئی بھرتی سے پہلے مستقل کرنے کا حکم دیں۔ اب حکومت کو 14 نومبر تک مہلت دی جاتی ہے ، وگرنہ 14 نومبر کو سروسز ہسپتال کے سامنے پی آئی جی چوک جیل روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیاجائے گا اور اس کے باوجود مطالبات منظور نہ ہوئے تو اگلے مرحلہ میں پنجاب اسمبلی تک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی اور پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ سروسز ہسپتال کی پولیس چوکی کے اہلکاروں کی جانب سے سروسز ہسپتال ملازم کو حبس بے جا میں رکھنے پر اہلکاروں کے خلاف کارروائی نہ کیے جانا سخت زیادتی ہے ، ہم پولیس حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -