نئی امریکی قیادت کیساتھ قریبی تعلقات کے خواہاں ہیں :نواز شریف

نئی امریکی قیادت کیساتھ قریبی تعلقات کے خواہاں ہیں :نواز شریف

  

 واشنگٹن/ اسلام آباد/ماسکو/نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدرڈونلڈٹرمپ کوتاریخی انتخابات میں کامیابی کے بعددنیابھرسے مبارکبادو ں کاسلسلہ شروع ہوگیا۔ وزیراعظم نواز شریف نومنتخب امریکی صدر کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں ڈونلڈ ٹرمپ کو تاریخی فتح پر مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی فتح یقیناًامریکی عوام کی کامیابی اور جمہوریت، آزادی اور انسانی حقوق پر ان کے پختہ یقین کی علامت ہے۔ انہو ں نے کہاکہ پاکستان اور امریکا کے مضبوط اسٹرٹیجک تعلقات ہیں جن کی بنیاد آزادی، جمہوریت، باہمی عزت اور مفادات پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط شراکت داری پائیدار امن، سیکورٹی اور استحکام کے فروغ کیلئے ناگزیر ہے۔ وزیراعظم نے اپنے پیغام میں نئی امریکی قیادت کیساتھ قریبی تعلقات کی خواہش کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ امریکا سے گہرے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکہ کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے انتخابی مہم کے دوران بھارت کے حوالے سے ٹرمپ کے دوستانہ رویے کو سراہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے امریکی صدرمستقبل میں بھارت کے ساتھ قریبی طورپر کام کرینگے۔ انہوں نے کہاکہ ہم امریکہ اور بھارت کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کیلئے پرعزم ہیں۔ روس کے صدرولادی میرپیوٹن نے ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکہ کاصدرمنتخب ہونے پرمبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ امید کرتا ہوں اب امریکا سے تعمیری مذاکرات ہوں گے۔ فرانسیسی وزیردفاع نے کہا کہ امریکی انتخاب کے نتائج سے یورپ،امریکا تعلقات کمزورنہیں ہونے چاہئیں۔فرانس بدستورامریکا کا اتحادی رہے گا۔ جرمن وزیر دفاع کہا کہ ٹرمپ کا امریکی صدربننا بڑا صدمہ ہے۔جرمن کنزرویٹوپارٹی کے رہنما ء کے مطابق کسی کو اندازہ نہیں تھا کہ ٹرمپ امریکی صدربن جائے گا۔ نیٹو کے چیف اسٹولٹن برگ نے کہا کہ نومنتخب امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ سے جلد ملاقات کروں گا۔ڈونلڈ ٹرمپ کو 2017 کے نیٹواجلاس میں خوش آمدید کہیں گے۔ ترک وزیر اعظم بن یلدرم نے امید ظاہر کی ہے کہ امریکی انتخابات دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات بڑھانے کا موقع ہے۔ جاپان کے وزیر اعظم شنزو ایبے نے نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد دیتے ہوئے امریکا سے قریبی تعلقات برقرار رکھنے کے عزم کا اظہارکیا ہے۔

نواز شریف

مزید :

صفحہ اول -