شاعر مشرق علامہ محمداقبالؒ کا یوم پیدائش ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا گیا

شاعر مشرق علامہ محمداقبالؒ کا یوم پیدائش ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا ...

  

لاہور/ سیالکوٹ / کراچی (اے این این)شاعر مشرق ،حکیم الامت ڈاکٹر علامہ محمداقبالؒ کا 139واں یوم پیدائش ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا گیا ٗ مزار اقبالؒ پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ٗ پنجاب رینجرز کی جگہ نیوی کے چاک و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لئے ۔شاعر مشرق کے یوم پیدائش پر ملک بھر میں خصوصی تقریبات کا انعقاد ٗ علامہ اقبال کو گرانقدر قومی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق شاعر مشرق اور مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کا 139 واں یوم پیدائش بدھ کو ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا ۔ یوم پیدائش کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقارتقریب سے ہوا۔ پنجاب رینجرز کی جگہ نیوی کے چاک و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے اور سلامی دی۔گورنرپنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ،کموڈور ایس ایم شہزاد،ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل عمر فاروق برکی اورگیریژن کمانڈر میجر جنرل طارق امان کی بھی مزار اقبال پرالگ الگ حاضری دی ،پھول چڑھائے ، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کئے۔وزیراعلی محمد شہباز شریف اورصوبائی وزیر میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے بھی مزاراقبال پرحاضری دی۔فاتحہ خوانی کی اور عقیدتوں کے نذرانے پیش کیے۔مفکر پاکستان شاعرمشرق ڈاکٹر علامہ محمداقبالؒ کا 139واں یوم پیدائش ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی عقیدت و احترام سے منایا گیا جہاں مختلف جماعتوں کے تحت شہر بھر میں تقریبات منعقد ہوئیں جن میں علامہ اقبالؒ کو ان کی قومی خدمات پر بھرپورخراج عقیدت پیش کیا گیا ۔

مزید :

صفحہ اول -