امریکہ میں ٹرمپ کیخلاف ہزاروں لوگ سڑکوں پر آگئے ، احتجاجی مظاہرے
نیو یارک(مانیٹرنگ ڈیسک)ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکی صدر منتخب ہونے کے بعد ہیلری کلنٹن کے حامی سڑکوں پر آگئے ہیں،مشتعل مظاہرین وائٹ ہاؤس کے سامنے جمع ہوگئے جہاں پہلے ہی ڈونلڈ ٹرمپ کے حامی موجود تھے،ہیلری کے حامیوں نے وائٹ ہاؤس کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی جسے پولیس نے ناکام بنا دیا،مشتعل مظاہرین نے نومنتخب صدر کے خلاف نعرے بازی کی۔مظاہرین غم وغصے کا اظہار کررہے ہیں،واشنگٹن ڈی سی میں بھی مظاہرہ کیا گیا جہاں مظاہرین نے سڑک پر کھڑے ہوکر ٹریفک کو روک دیا ہے اور ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔ذرائع کے مطابق 1500سے 3000مظاہرین مختلف سڑکوں پر موجود ہیں،جنہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی متنازعہ تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔ریاست آکلینڈ میں بھی 70سے 80مظاہرین نے جمع ہوکر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مظاہرہ کیا۔کے این ٹی وی کے مطابق مظاہرین کو روکنے کیلئے پولیس نے گیس ماسک،ہیلمٹ پہنے ہوئے ہیں،مظاہرین نے ڈونلڈ ٹرمپ کے پتلے کو بھی نذرآتش کیا ہے.کے جی او ٹی وی کے مطابق اسرائیلی سیاستدانوں اور یہودی لیڈروں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے حق میں مظاہرہ کیا ہے،ان مظاہرین کا کہنا تھا کہ اب فلسطینی ریاست کا دور ختم ہوچکا ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق امریکہ کی دیگر ریاستوں لاس اینجلس،سان فرانسسکو،سان ڈیاگومیں بھی مظاہرے کیے گئے۔