ماضی کی غلطیوں سے اجتناب کرتے ہوئے شفاف طریقے سے لٹیروں کا کڑا احتساب کرنا ہوگا :شہباز شریف

ماضی کی غلطیوں سے اجتناب کرتے ہوئے شفاف طریقے سے لٹیروں کا کڑا احتساب کرنا ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ نے اپنی فکر انگیز شاعری کے ذریعے خودی،اخوت،بھائی چارے،ایثار ،قربانی،محبت اورمحنت کاطاقتور پیغام دیا ہے اور علامہ اقبال کا یہ پیغام یقیناًہم سب کیلئے مشعل راہ تھا ، ہے اور رہے گا۔اگراس شاندار پیغام کو آج سے 70 برس قبل ہم اپنی زندگیوں میں سمولیتے تو آج پاکستان آسمانوں کی بلندیوں کو چھو رہا ہوتا۔ماضی کی غلطیوں سے سبق حاصل کریں گے تو ترقی کے راستے آسان ہو جائیں گے ۔ پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کیلئے پوری قوم کو یکجان دو قالب کی طرح متحد ہونا ہوگا۔وہ یوم اقبالؒ کے موقع پر آج مزار اقبالؒ پرحاضری دینے کے بعد میڈیاسے گفتگو کررہے تھے ۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ ہم نے بحیثیت قوم بہت وقت ضائع کیا ہے لیکن اب وقت آگیا ہے کہ اس پر رونے دھونے کے بجائے ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھا جائے۔ آج ہمیں اس عظیم شاعرعلامہ اقبالؒ سے عہدکرناہے کہ ان کے ابدی پیغام پر عمل پیراہوکر ہی پاکستان کی منزل کا حصول یقینی بنائیں گے اورعلامہ اقبالؒ کی شاعری اورافکار پر عمل پیراہوکرہی ہماری زندگیوں میں انقلاب آئے گااور پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرے گا۔اقبالؒ نے اپنی شاعری اورافکار کے ذریعے جو پیغام دیا ہے اسے ہمیں اپنی عملی زندگی میں اپنانے کی ضرورت ہے ۔اگر ہم اس پیغام پر دل و جان سے عمل پیرا ہوں گے تو پہاڑ یا سمندر بھی ہماری منزل میں رکاوٹ نہیں بن سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آج اندرونی اوربیرونی چیلنجز کا سامنا ہے اوران چیلنجز سے مقابلے کیلئے اتحاد، اتفاق، یکجہتی اوریگانگت پرچلتے ہوئے پوری قوم کو یکجان دو قالب ہونا ہے ۔آپس کے باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھنا ہوگا۔ علامہ اقبالؒ نے اپنی شاعری کے ذریعے امن ، بھائی چارے ،اتحاد اوراتفاق کا پیغام دیاہے اوراگر ہم اس راستے پر چلیں گے تو کوئی ہمارا راستہ نہیں روک سکے گا۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبالؒ نے جو پیغام دیا اسی کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ملک کی ترقی اورعوام کی خوشحالی کیلئے امیر اور غریب کے درمیان تفاوت کو ختم کرنا ہوگااوراس کے ساتھ وسائل پر چھیناجھپٹی کا خاتمہ ضروری ہے ،اسی طر ح غریب قوم کے اربوں روپے لوٹے گئے اورقومی وسائل پر بے دردی سے ڈاکہ ڈالا گیا،ماضی کی غلطیوں سے اجتناب کرتے ہوئے شفاف طریقے سے لٹیروں کاکڑا احتساب کرنا ہوگااوراس شفاف احتساب سے قوم کی منزل آسان ہوگی اور آئندہ کا راستہ سہل ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم انتہائی باصلاحیت اورقوی ہے اور ہمارے پاس بہترین اذہان،باصلاحیت افراد ،بہادر اور جری افواج موجود ہے ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک نے پاکستان میں ایک انقلاب برپا کردیاہے اورسی پیک کے تحت توانائی اورمنصوبے انتہائی تیزرفتاری سے مکمل ہورہے ہیں۔سی پیک ترقی اورخوشحالی کا ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد،اتفاق ،بھائی چارے،یگانگت،یکجہتی اورایثار پر چلیں گے توہم منزل مقصود پر ضرور پہنچ جائیں گے اور پاکستان اپنے پاؤں میں کھڑا ہوکر ایک حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنے گااور اقوام عالم میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرے گااوردنیا میں پاکستان کو عزت اورتوقیر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔انشاء اللہ قائدؒ اوراقبالؒ کے خوابوں کی تعبیر ضرور ملے گی۔وزیراعلیٰ نے2نومبر کے دھرنے کے حوالے سے پوچھے گئے میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان کے باشعور عوام نے دھرنے والوں کادھڑن تختہ کردیا ہے اورعوام نے 2نومبر کو احتجاج کی کال دینے والے لوگوں کو یکسر مسترد کیا ہے ۔پاکستان اب آگے بڑھے گا اوراپنی منزل حاصل کرے گا۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسلام آبادکو لاک ڈاؤن کرنے کا اعلان غیر قانونی عمل تھااورعوام اس سے لاتعلق رہے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے یوم اقبال ؒ کے موقع پر شاعر مشرق علامہ اقبالؒ کے مزار پر حاضری دی اورمزار پر پھولوں کی چادر چڑھانے کے بعد فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ شہباز شریف نے ملک کی سلامتی، ترقی و خوشحالی اوراستحکام کیلئے خصوصی دعا کی۔ وزیراعلیٰ نے مزار اقبالؒ پر مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر مجتبیٰ شجاع الرحمان،کمشنر لاہورڈویژن،ڈی سی او لاہور اوراعلی حکام بھی موجود تھے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے یوم اقبالؒ کے موقع پر مزار اقبالؒ پر حاضری دینے کے بعد اچانک گریٹر اقبال پارک کا دورہ کیا ۔وزیراعلیٰ نے گریٹر اقبال پارک کے کاموں اورپارک کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا۔کمشنر لاہور ڈویژن اور ڈی جی پی ایچ اے نے وزیراعلیٰ کو منصوبے پر ہونے والی پیش رفت اوراب تک ہونے والے کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے گریٹر اقبال پار ک میں بنائی جانے والی جھیل،ڈانسنگ فواروں،فوڈ کورٹ، پارکنگ ایریا اورپلے ایریا کے علاوہ دیگر حصوں کامعائنہ کیا اورموقع پر ہی متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ وزیراعلیٰ نے گریٹر اقبال پارک کے دورے کے دوران وہاں موجود متعلقہ حکام سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا اورمنفرد منصوبہ ہے جو ہماری نئی نسلوں کو نظریہ پاکستان کی اہمیت سے روشناس کرائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان قائداعظمؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں عظیم قربانیاں دے کر حاصل کیا گیا ہے اور عظیم وطن کیلئے آگ اور خون کے دریا عبور کئے گئے۔ تحریک پاکستان ایک ایسی جدوجہد ہے جس کی تاریخ عالم میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ نئی نسل کو تحریک پاکستان کے دوران دی جانے والی اسلاف کی عظیم قربانیوں سے روشناس کرانا ایک قومی ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں تحریک پاکستان اور قومی ہیروز کی لازوال قربانیوں کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے گریٹر اقبال پارک کا منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے میں تحریک پاکستان کے حوالے سے ہسٹری میوزیم بنایا جارہاہے اور نئی نسل کو حصول پاکستان کیلئے دی جانے والی قربانیوں سے آگاہ کرنے کیلئے یہ منصوبہ سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ گریٹر اقبال پراجیکٹ اعلیٰ معیار کا شاہکار اور سٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ ہوگا جو نہ صرف پاکستان کی ثقافت اور تاریخی ورثے کی اہمیت کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا بلکہ نئی نسل کو تحریک پاکستان کی اہمیت اور قومی ہیروز کی کاوشوں اور قربانیوں سے آگاہ کرنے میں معاون ثابت ہوگا اور اس منصوبے کی تکمیل سے عوام کوبہترین تفریحی سہولتیں بھی میسر آئیں گی اور اس عظیم منصوبے کیلئے 120ایکڑ قطعہ اراضی مختص کیا گیا ہے اوراس منصوبے پر1186ملین روپے سے زائد خرچ کیے جارہے ہیں ۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تاریخی نوعیت کے اس اہم ترین منصوبے کے تعمیراتی کام کوجلد سے جلد مکمل کیا جائے اورفوڈ کورٹ سمیت دیگرتمام خدمات کو آؤٹ سورس کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ انتہائی اہمیت کے حامل اس منصوبے کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو منصوبے کے کام کو جلد سے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

مزید :

صفحہ اول -