اربوں کے لینڈ سیکنڈل میں ملوث سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر ندیم خان گرفتار

اربوں کے لینڈ سیکنڈل میں ملوث سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر ندیم خان گرفتار

  

لاہور(خبرنگار) اینٹی کرپشن لاہورریجن کے انسپکٹر ہیڈ کوارٹر اعظم منہیس نے اربوں روپے کے لینڈ سیکنڈل میں ملوث ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کے سابق ایگزیکٹوندیم رفیع خان کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس کیس میں سابق چیئرمین پنجاب لیکوڈیشن بورڈ بریگیڈیئر (ر) فاروق مان اور لیکوڈیشن بورڈ کے سابق سیکرٹری راجہ ساجد اختر چنگیز اشتہاری ہیں اور ان کے نام ای سی ایل میں ہیں جبکہ چوتھے ملزم بریگیڈیئر (ر) قاسم علی کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔ اینٹی کرپشن لاہور ریجن کے ڈائریکٹر عدنان ارشد اولکھ کے مطابق گرفتارملزم ندیم رفیع خان ہاؤس بلڈنگ فنانس کاپوریشن میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے عہدہ پر تعینات رہا ہے، اس نے سابق چیئرمین لیکوڈیشن بورڈ بریگیڈیئر (ر) فاروق مان اور سابق سیکرٹری راجہ ساجد اختر چنگیز کے ساتھ مل کر اربوں روپے کی سرکاری لینڈ جو کہ فیروز پور روڈ پر نشتر کالونی کے قریب واقع تھی بریگیڈئیر (ر) قاسم علی کو اونے پونے فروخت کر دی۔ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کے مطابق ندیم رفیع خان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جسے آج صبح جسمانی ریمانڈ کے لئے عدالت میں پیش کیا جائے گا جبکہ اشتہاری ملزمان فارون مان اور راجہ ساجد اختر چنگیز کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ اسی طرح چوتھے ملزم بریگیڈئیر (ر) قاسم علی کے اربوں روپے کے لینڈ سیکنڈل کی انکوائری جاری ہے اور باقاعدہ انکوائری مکمل ہونے پر اسے بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔

مزید :

صفحہ آخر -