ڈی ایچ اے لاہورکے سابق پراجیکٹ ڈائریکٹر کی درخواست ضمانت خارج

ڈی ایچ اے لاہورکے سابق پراجیکٹ ڈائریکٹر کی درخواست ضمانت خارج

  

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائی کورٹ نے سابق پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈی ایچ اے لاہور سٹی بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد نذیر بٹ کی نیب کیس میں ضمانت کی درخواست خارج کردی ہے، جسٹس مرزا وقاص رؤف کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اصل ملزمان کو بچانے کے لئے خالد نذیر بٹ کو قربانی کا بکرا بنایا جارہا ہے،درخواست ضمانت منظور کی جائے۔ نیب کے وکلاء نے موقف اختیار کیا کہ بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد نذیر بٹ نے ماسٹر پلان کی منظوری کے بغیر ہی پراجیکٹ کی منظوری دی، بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد نزیر بٹ نے صرف 4 ہزار 252کنال اراضی ہونے کے باوجود معاہدے پر دستخط کئے، پراجیکٹ کا اعلان ہوتے ہی 10ہزار 611درخواستیں موصول ہوئی، اور 3ارب 63 کروڑ 30 لاکھ شہریوں سے حاصل کئے گئے، نیب حکام نے مزید موقف اختیار کیا کہ شہداء کے لئے 30فیصد پلاٹس کوٹے کی شرط پوری کئے بغیر ہی ملزم بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد نذیر بٹ نے پراجیکٹ کی منظوری دی، بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد نذیر بٹ نے بطور پراجیکٹ ڈائریکٹر اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، عدالت نے تمام فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزم کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔

مزید :

صفحہ آخر -