تعلیمی اداروں میں اقبال ڈے انتہائی جوش و جذبہ سے منایا گیا

تعلیمی اداروں میں اقبال ڈے انتہائی جوش و جذبہ سے منایا گیا

  

لاہور( خبر نگار) لاہور میں پنجاب یونیورسٹی‘ جی سی یونیورسٹی ‘کوئین میری کالج و سکول سمیت سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں علامہ اقبال کے 139واں یوم پیدا ئش پران کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے سمینارز منعقد ہوئے۔ اس موقع پر تقریری مقابلوں کا بھی انعقاد کیا گیا ۔یوم اقبال کی مناسبت سے پنجاب یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات میں شاعرِ مشرق کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے سیمینارز، کوئز و تقریری مقابلے اورپینٹنگز کے مقابلے ہوئے ۔ پنجاب یونیورسٹی سنٹر فار کلینکل سائیکالوجی ، شعبہ فزکس ، انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری ، کالج آف ارتھ اینڈ انوائر منٹل سائنسز، پاکستان سٹڈی سنٹر، ہیلی کالج آف کامرس، ادارہ تعلیم و تحقیق شعبہ ابتدائی تعلیم اور شعبہ تاریخ میں طلباؤ طالبات کو علامہ محمد اقبال کی شاعری و افکار سے آگہی دینے کیلئے سیمینارز، کوئز و تقریری مقابلے اور پینٹنگز کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا جس میں اساتذہ اور طلباؤ طالبات نے بھرپور انداز میں شرکت کی اور علامہ اقبال سے اپنی والہانہ محبت کا ثبوت دیا۔پنجاب یونیورسٹی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرمجاہد کامران کی زیر قیادت پنجاب یونیورسٹی کے سینئر اساتذہ، انتظامی عہدیداران اور ملازمین پر مشتمل وفد نے مزار اقبال پر حاضری دی ، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔اپنے پیغام میں ڈاکٹر مجاہد کامران انہوں نے کہا ہے کہ اگر اقبال نہ ہوتے تو برصغیر کے مسلمانوں کے پاس وہ ایٹمی طاقت نہ ہوتی جو پاکستان کی صورت میں ظاہر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ تمام عالم اسلام پر اقبال کے کلام کے گہرے اثرات پر اہم اہل پاکستان بجا طور پر فخر کر سکتے ہیں۔ کوئین میری کالج لاہور میں گزشتہ روز ’’یوم اقبال‘‘ کے سلسلہ میں ایک تقریب کاانعقاد کیا گیا ۔تقریب کی مہمان خصوصی پرنسپل ڈاکٹر عرفانہ مریم تھیں ۔ تقریب کاباقاعدہ آغاز تلاوت اور نعت رسول مقبول ﷺ سے کیاگیا ۔طالبات نے تقریب میں طالبات نے ولولہ انگیز تقاریر کیں اور کلام اقبال کو ترنم کے ساتھ پڑھ کر علامہ محمد اقبال کو خراج تحسین پیش کیا۔جونیئر سیکشن کی طالبات نے ٹیبلو پیش کیا۔ تقریب کے اختتام پر پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عرفانہ مریم نے اپنے خطاب میں کہا کہ علامہ محمد اقبال کی تعلیمات صرف زندگی کے عمومی طور پر طریقوں کی جانب ہی ہماری راہنمائی نہیں کرتیں بلکہ ہمارے عہد کے مسائل کا حل بھی پیش کرتی ہیں ڈاکٹر عرفانہ مریم نے مزید خطاب کرتے ہوئے کہ علامہ اقبال کی تعلیمات پر عمل کرکے آج کی نوجوان نسل اپنی زندگی کو ایک بہترین زندگی میں بدل سکتے ہیں اوراس میں بالخصوص طالبات کو علامہ اقبال کی تعلیمات پر خصوصی توجہ دینا ہو گی اس موقع پر انہوں نے اساتذہ اور طالبات کی کاوشوں کو سراہا۔تقریب کا اختتام قومی ترانہ کے ساتھ ہوا ۔

مزید :

صفحہ آخر -