انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سب سے بڑے مرکزآئی ٹی ٹاورکاافتتاح کردیاگیا
لاہور(بزنس رپورٹر)صوبائی دارالحکومت کے معروف ترین علاقے حالی روڈگلبرگ میں اربن ڈویلپرز کی جانب سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سب سے بڑے مرکز آئی ٹی ٹاور کا گزشتہ روز افتتاح کر دیا گیا ۔افتتاحی تقریب کا انعقاد آئی ٹی ٹاور میں کیا گیا ۔تقریب میں اربن ڈویلپرز کے چیئرمین میاں طاہر جاوید،میاں حارث ،میاں ناصر،بریگیڈئیر(ر) فرخ ہمایوں،انچارج آئی ٹی ٹاور میاں وحید اور آئی ٹی کے کاروبار سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی میاں نصیر احمد نے آئی ٹی ٹاور کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصو صی شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اربن ڈویلپرز کے چیئرمین میاں طاہر جاویدنے کہا کہ اربن ڈویلپرز کی بھر پور کوششوں کی بدولت آئی ٹی ٹاور کی صورت میں خواب کو تعبیر مل گئی ہے۔ آئی ٹی ٹاور کی تعمیر اربن ڈویلپرز کیلئے ایک بڑا چیلنج تھی۔ آئی ٹی ٹاور کا قیام اربن ڈویلپرز کی کامیابیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے جدید دور میں اس کاروبار سے وابستہ افرادکیلئے آئی ٹی ٹاورسنگ میل ثابت ہو گا۔نیسپاک کی معاونت سے جدید سہولتوں سے آراستہ آئی ٹی ٹاور کی تکمیل سے سیکڑوں افراد کو روز گا ر میسر آئے گا ۔چار لاکھ سکوائر فٹ پر تعمیر ہونے والے آئی ٹی ٹاور کے معیارپر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا گیا ۔بائی لاز کو مد نظر رکھتے ہوئے آئی ٹی ٹاور کے تعمیراتی منصوبے میں مہنگے ترین مٹیریل کا استعمال کیا گیا ہے تاکہ قدرتی آفات سے محفوظ رہ سکے۔انہوں نے کہا کہ120 فٹ اونچے آئی ٹی ٹاور میں376دکانیں اور66دفاتر تعمیر کیے گئے ہیں ۔حفیظ سنٹر سے ملحقہ آئی ٹی ٹاور میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی ۔سنٹرلی ایئرکنڈیشنڈ۔زلزلہ پروف تعمیر۔جدید لفٹس اور پارکنگ کے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔ سکیورٹی کے سلسلہ میں آئی ٹی ٹاورمیں نگران کیمرے اور موشن ڈیٹیکٹر پرمشتمل جدید سسٹم نصب کیا گیا ہے ۔اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی میاں نصیر احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اربن ڈویلپرز کی زیر نگرانی تعمیر ہونے والا آئی ٹی ٹاور ،آئی ٹی ٹیکنالوجی کے کاروبار سے وابستہ افراد کیلئے ایک انقلاب آفر یں قدم ثابت ہوگا۔اپنی بہترین لوکیشن کی وجہ سے آئی ٹی ٹاور بہت جلد انفارمیشن ٹیکنالوجی کے کاروبار کی سب سے بڑی مارکیٹ بن جائے گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ اربن ڈویلپرز کے کامیاب منصوبے معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔عالمی معیار کے آئی ٹی ٹاور کے قیام سے بیرونی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہو گا ۔جس کا کریڈٹ اربن ڈویلپرز کو جاتا ہے۔تقریب سے دیگر افراد نے بھی خطاب کیا۔