حکومت پنجاب نے صوبے بھر میں دیہی ترقیاتی منصوبہ لانے کا فیصلہ کر لیا

حکومت پنجاب نے صوبے بھر میں دیہی ترقیاتی منصوبہ لانے کا فیصلہ کر لیا

  

لاہور(محمد نواز سنگرا) حکومت پنجاب نے صوبے بھر کے دیہاتوں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے اہم اقدامات اٹھانے پر غور شروع کر دیا ہے۔ پنجاب حکومت نے دیہاتوں میں بسنے والوں کی ترقی اور فلاح کیلئے دیہی ترقیاتی منصوبہ لانے کا فیصلہ کیا ہے۔جس کیلئے خدوخال اور پلان تشکیل دینے کیلئے چیف سیکرٹری نے مختلف محکموں کے صوبائی سیکرٹریوں سے تجاویز طلب کر لی ہیں۔تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے دیہاتوں میں رہنے والے شہریوں کی ترقی اور فلاح کے لیے ویلیج ڈویلپمنٹ پروگرام لانے کا فیصلہ کیاہے۔جس کے مطابق دیہاتوں میں تعلیم،صحت اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت سمیت دیگر تمام تر سہولیات کی فراہمی کیلئے کام شروع کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے اس حوالے سے چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر) زاہد سعید کو ہدایت جاری کی ہیں کہ وہ اعلیٰ اور سنئیر حکام سے مشاورت کر کے ویلیج ڈویلپمنٹ پروگرام کے حوالے سے خدوخال اور پلان پیش کریں تاکہ اس پروگرام کو حتمی شکل دی جا سکے۔ جس میں دیہاتوں کے مکینوں کو جد ید طرز کی تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ مزید معلوم ہوا ہے کہ چیف سیکرٹری نے اس حوالے سے مختلف سیکرٹریوں سے رائے مانگی ہے تاکہ پلان کو حتمی شکل دے کر اس حوالے سے وزیر اعلیٰ کو رپورٹ بھیجی جا سکے۔بڑے شہروں کے ساتھ چھوٹے شہروں اور دیہاتوں کو بھی تمام تر سہولیات سے مزید کیا جائے گا۔

مزید :

صفحہ آخر -