حکومت علامہ اقبال کے یوم ولادت پر چھٹی کا نوٹیفکیشن جاری کرے، لاہور ہائیکورٹ بار کا مطالبہ
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائی کورٹ بار میں حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ علامہ محمد اقبال ؒ کے یوم ولادت کو پر وقار طریقے سے منانے کا اہتمام اور یوم اقبال کی ہرسال تعطیل کانوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔یہ مطالبہ یوم اقبال کے حوالے سے ہائی کورٹ بار کے اجلاس عام میں قرارداد متفقہ طور پر منظور کرتے ہوئے کیا گیا ۔ہائی کورٹ بار کے صدر رانا ضیاعبدالرحمن ،محمد انس غازی سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ، منیب اقبال ایڈووکیٹ، بشارت خان ایڈووکیٹ، سیف الرحمن جسراایڈووکیٹ ، صاحبزادہ اشرف عاصمی ایڈووکیٹ، ڈاکٹر انور گوندل ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل، عبدالرشید قریشی ایڈووکیٹ، نصیر احمد چیمہ ایڈووکیٹ سابق صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن، سرگودھا نے علامہ محمد اقبال ؒ کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے یوم اقبال پر تعطیل کا اعلان نہ کرنے پر حکومت وقت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ وہی قومیں ترقی کی منازل طے کرتی ہیں جو اپنے محسنوں اور محب وطن شخصیات کو یاد رکھتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ علامہ محمد اقبال ؒ ہم وکلاء میں سے تھے ان کی یاد منانا ہمارے لئے لازم ہے چائے حکومت یہ دن منائے یا نہ منائے۔ اس موقع پر چوہدری عبدالحمید گجر ایڈووکیٹ ہائیکورٹ نے علامہ محمد اقبال ؒ کا کلام ہاؤس کے سامنے پیش کیا۔ صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن رانا ضیاء عبدالرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کلام اقبال کو سمجھنے کی جتنی ضرورت آج ہے پہلے نہ تھی۔حکیم الامت علامہ محمد اقبال ؒ عظیم مفکر اور شاعر مشرق نے پاکستان کی تشکیل میں انتہائی اہم رول ادا کیا جس پر ہم ان کے احسان مند ہیں۔ وہ دو قومی نظریہ کے خالق تھے اور خودی کا فلسفہ دیا۔۔ اجلاس میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ علامہ محمد اقبال ؒ کا مزار عوام الناس کے لئے کھولا جائے تاکہ وہ اپنے محسن کی قبر پر حاضری دے سکیں۔