نوجوان اقبال کے فلسفہ خودی پر چلیں، حکومت توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے کوشاں ہے: رفیق رجوانہ

نوجوان اقبال کے فلسفہ خودی پر چلیں، حکومت توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے ...

  

لاہور( نمائندہ خصوصی) گورنر پنجاب ملک محمدرفیق رجوانہ سے گورنر ہاؤس لاہور میں چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین سے ملاقات کی۔ ملاقات میں گورنر پنجاب نے انہیں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی طرف سے مؤثر پالیسیوں کے فقدان کے باعث آج وطن عزیز توانائی کے بحران کا شکار ہے تاہم موجودہ حکومت اس کے حل کے لئے جس طرح شب و روز کوشاں ہے بہت جلد اس بحران کو ختم کر کے وطن عزیز کی روشنیاں لوٹا دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کی بھاگ ڈور سنبھالتے ہی وزیر اعظم محمد نوازشریف نے سب سے پہلے توانائی کے نئے منصوبوں کے قیام پر غور کیا اور ان کی پوری ٹیم اس مقصد کے لئے ان کے شانہ بشانہ ہے۔ گورنر نے کہا کہ گذشہ تین برسوں کے دوران شروع کئے گئے مختلف منصوبوں سے نہ صرف بجلی کے بحران میں کمی ہوئی ہے بلکہ صنعتوں کو بھی توانائی کی فراہمی ممکن ہوئی ہے اور 2018ء تک اس پر مکمل قابو پالیا جائے گا۔ گورنر پنجاب کو اس موقع پر ملک میں جاری توانائی کے مختلف منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق بریف کیا گیا۔ چیئر مین واپڈا نے بتایا کہ توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے انرجی کے روایتی طریقہ کے ساتھ ساتھ متبادل ذرائع پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں نمایاں کمی کردی گئی ہے۔قبل ازیں، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے شاعر مشرق علامہ اقبالؒ کے 139ویں یوم ولادت کے موقع پر مزار اقبالؒ پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ انہوں نے پاکستان کا خواب دیکھنے والے اس عظیم مفکر کی یاد میں کچھ دیر خاموشی اختیار کی اور ان کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے مزار اقبالؒ پر موجود مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند کرتے ہوئے انہیں زبردست انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ شاعر مشرق علامہ اقبالؒ نے اپنی شاعری اور علوم کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں احساس آزادی بیدار کیا اور ان میں ایک ایسی روح پھونکی کہ جنوبی ایشیا کے مسلمان اپنا وطن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ گورنر نے کہا کہ اس مملکت خداد اد کو حقیقی معنوں میں ایک فلاحی اور خوشحال مملکت بنانے کے لئے آج بھی اسی جذبہ کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں علامہ اقبال کا کلام مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو اقبالؒ کے تصورات خصوصاً فلسفہ خودی سے آشنا کرنے کی ضرورت ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -