میٹرو ‘ 11 فیڈر روٹس پر 100 ائیر کنڈیشنڈ بسیں وسط دسمبر سے چلیں گی
ملتان ( سپیشل رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت پر شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے ملتان شہر میں 11فیڈر روٹس پر 100ائیرکنڈیشنڈ بسیں چلانے کا آغاز ماہ دسمبر کے وسط میں ہو گا۔پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے فیڈر روٹس پر بسیں چلانے کے کنٹریکٹ کے مراحل مکمل کرلئے ہیں۔فیڈر روٹس کو ملتان میٹرو بس سسٹم کے21میٹرو بس اسٹیشنز سے لنک کیا جائے(بقیہ نمبر33صفحہ12پر )
گا۔ان فیڈر بسوں میں میٹرو بس کارڈ کے ذریعے سفرکرنے والوں کو خصوصی رعایت حاصل ہوگی۔فیڈر روٹس کا تعین سروے کے ذریعے کیا گیا ہے‘ان روٹس پر سٹاپس بھی مقررکردئیے گئے ہیں۔ہر سٹاپ پر شہریوں کے لئے خوبصورت انتظارگاہ تعمیر کی جائے گی۔ دریں اثناء سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کاشف ڈوگر نے فیڈر روٹس اور ان کے سٹاپس کی تفصیل بتاتے ہوئے کہاکہ ڈیرہ اڈا سے گھنٹہ گھر کے راستے چوک کمہاراں والا جانے والے 6.8کلومیٹر طویل روٹ پر 17سٹاپ دئیے گئے ہیں۔اسی طرح شجاع آباد کینال سے سورج میانی روڈ اور گھنٹہ گھر کے راستے افشار چوک آنے والے روٹ پر 11،گھنٹہ گھر سے معصوم شاہ روڈ کے راستے کھاد فیکٹری روٹ پر 14،وہاڑی چوک سے شیر شاہ روڑ کے راستے ناگ شاہ چوک روٹ پر10،کینال برج پیراں غائب روڈ سے چوک کمہاراں والا روٹ پر9،خوبی برج سے چونگی نمبر14اور وہاڑی چوک کے راستے فاطمہ جناح ٹاؤن روٹ پر 7،دنیا پور بائی پاس سے پیپلز کالونی کے راستے چونگی نمبر14روٹ پر 10،وزیر آباد سے ساؤدرن بائی پاس کے راستے بی سی جی چوک روٹ پر7،ریلوے اسٹیشن سے ایل ایم کیو روڈ اورہائی کورٹ کے راستے چونگی نمبر9 روٹ پر11،فیض عام نرسری چوک نواب پور روڈ اورکوٹلہ تولے خان سے گھنٹہ گھر کے راستے افشار چوک روٹ پر 11اور بی سی جی چوک سے ڈبل پھاٹک اور غلہ منڈی کے راستے ریلوے اسٹیشن روٹ پر13سٹاپ مقرر کئے گئے ہیں۔