اقبال ڈے، چھٹی نہیں ہے، شہری تذبذب کا شکار

اقبال ڈے، چھٹی نہیں ہے، شہری تذبذب کا شکار

  

ملتان،خانیوال،وہاڑی، کوٹ سلطان (خبرنگار ، خبرنگار خصوصی،سٹاف رپورٹر،جنرل رپورٹر،وقائع نگار ، نمائندگان)9نومبر علامہ اقبال کے یوم پیدائش پر حکومتی چھٹی نہ کرنے کے فیصلے کی شدید مذمت،وکلاء کا عدالتی بائیکاٹ،دفاتر بھی برائے نام کھلے رہے،بیشتر سکول بند ، حاضری انتہائی کم رہی ملتان سے خبرنگار،خبرنگار خصوصی ، سٹاف رپورٹر،جنرل رپورٹر،وقائع نگارکے مطابق 9 نومبر کی چھٹی نہ ہونے کے باوجودبیشتر سرکاری اداروں میں چھٹی کا سماں رہا سائلین کو سرکاری دفاتر میں پہنچنے پر خواری کا سامنا کرنا پڑا۔ وفاقی حکومت کی طرف سے 9نومبر اقبال ڈے کی عام تعطیل کا اعلان نہ کرنے اور سوشل میڈیا پر9نومبر کی چھٹی کے حوالے سے نوٹیفکیشن جعلی قرار دینے کے باوجود گذشتہ روز ملتان میں سرکاری اداروں دکھاوے کیلئے کھل گے مگر بیشتر سرکاری اداروں میں آفیسران و ملازمین نے بدستور اقبال ڈے منایا اور دفتر نہ پہنچے ٹاوئنز، لوکل گورنمنٹ ، ضلع کونسل سیکرٹریٹ ، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور دیگر دفاتر میں آفیسران، ملازمین چھٹی پر رہے اور سائیلین کو دفتر (بقیہ نمبر57صفحہ12پر )

پہنچنے پر پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ہائیکورٹ و ڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشنز ملتان کی جانب سے شاعرمشرق علامہ ڈاکٹرمحمداقبال کے یوم پیدائش 9نومبرپر تعطیل نہ کرنے کے حکومتی اقدام کی مذمت کی ہے۔وکلاء بطوراحتجاج عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے اورعدالتی بائیکاٹ کیا گیا جس کی وجہ سے بیشتر مقدمات کی سماعت ملتوی کردی گئی ہے۔اقبال ڈے تعلیمی اداروں میں حاضری معمولی رہی ، اساتذہ بھی جلدی گھر چلے گئے ، بتایا گیا ہے کہ 9نومبر کی تعطیل کے حوالے سے پیدا ہونے والے ابہام نے تعلیمی اداروں میں طلبا کی حاضری کو شدید نقصان پہنچایا ، گزشتہ روز سرکاری سکولوں ، کالجوں اور یونیورسٹی میں طلبا کی نہ ہونے کے برابر تھی ۔خانیوال سے نمائندہ پاکستان کے مطابق علامہ اقبال ڈے کی سرکاری چھٹی کے کنفیوژن کی وجہ سے سکولوں کی بڑی تعداد بند رہی دفتروں میں حاضری نہ ہونے کے برابر تھی تفصیل کے مطابق گزشتہ روز علامہ اقبال ڈے کے سلسلے میں حکومت کی جانب سے چھٹی کے نوٹیفکیشن کے جعلی ہونے اور پھر چھٹی کی کنفیوژن کے وجہ سے بڑی تعداد میں پرائیویٹ سکولوں میں چھٹی رہی سرکاری سکولوں میں تعداد کم رہی جبکہ سرکاری دفتروں میں بھی حاضری نسبتاً کم رہی ۔وہاڑی سے بیورو رپورٹ،تحصیل رپورٹر کے مطابق مفکر پا کستان ، شاعر مشرق علامہ ڈاکٹر محمد اقبال ؒ کا 140واں یوم ولادت کے موقعہ پر پنجاب بھر طرح وہاڑی میں بھی چٹھی نہ ہونے کی وجہ سے سرکاری ملا زمین اور سکولوں کا لجوں میں گوں مگوں کی صورتحال رہی جس کی وجہ سے سرکاری اداروں اور سکولوں کالجوں میں طلبہ وطالبات کی حا ضری کم رہی اس موقعہ پر طلبہ وطالبات حکومتی فیصلے کوکوستے رہے ۔کوٹ سلطان سے نامہ نگار کے مطابق کوٹ سلطان:یوم اقبال ؒ پر چھٹی میں متضاد اعلانات،بیشتر تعلیمی ادارے بند ،والدین کو شدید دشواری ،طلباء و طالبات کو پریشانی،تفصیل کے مطابق کوٹ سلطان میں یوم اقبال کے حوالہ سے تعطیل کا باضابطہ اعلان نہ ہونے اور چھٹی بارے افواہوں سے اساتذہ ،طلباء ، طالبات اور سرکاری ملازمین رات بھر چھٹی بارے ایک دوسرے سے پوچھتے رہے ،اس سلسلہ میں شہر میں موجود بیشتر نجی سکولز بند رہے جبکہ سرکاری سکولز میں بھی حاضری نہ ہونے کے برابر نظر آئی ،شہریوں محمد ماجد ،سعید احمد ،فاروق نظامی ،محمد اسلم جاوید ،شہر یار ،محمد جمال ،سلیم اللہ ،خادم حسین ،بلاول حسین،کریم بخش اور دیگر نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ سرکاری تعطیل بارے بروقت اعلامیہ جاری کرے تاکہ کسی قسم کا تذبذب نہ رہے۔

مزید :

ملتان صفحہ آخر -