تاریخ گواہ ہے جس کسی کو پی ٹی آئی والے کا ہاتھ لگا وہ جیتا الیکشن ہارگیا، شاہ محمود اور ہیلری کی چند سال قبل کی تصویر ٹوئٹر پر وائرل
اسلام آباد (آئی این پی)امریکی صدارتی الیکشن میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ہاتھوں ہیلری کلنٹن کی شکست پر سوشل میڈیا پر سابق پاکستانی وزیر خارجہ اور تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی اور سابق امریکی وزیر خارجہ اور صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن کی ایک یادگار تصویر پرلوگوں کی بڑی تعداد نے دلچسپ تبصرے کیے ہیں ، تصویر میں ہیلری کلنٹن کو ایک ملاقات کے دوران شاہ محمود قریشی سے سرگوشی کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔جس وقت یہ تصویر اخبارات میں شائع ہوئی تھی اسوقت بھی اس پر بہت تبصرے ہوئے تھے.
ایک موقع پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے اخبار نویسوں کی موجودگی میں شاہ محمود قریشی سے کہا تھا کہ شاہ صاحب آپکی ہیلری کے ساتھ تصویر بہت مقبول ہوگئی ہے۔سرمیاں دادکی آئی ڈی سے ٹویٹر پر ایک شخص نے پوسٹ کیا کہ ”تاریخ گواہ ہے جس جس کو کسی پی ٹی آئی والے کا ہاتھ لگا وہ جیتا الیکشن بھی ہار گیاہے “۔ ٹویٹر پر لوگ ٹرمپ کی کامیابی اور ہیلری کی شکست پر مختلف خیالات کا اظہار کرتے رہے کسی نے خوشی کا اظہا رکیا تو کسی نے انکی کامیابی کو بڑا دھچکا قرار دیا۔