نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خاندان سے متعلق وہ باتیں جو آپ جاننا چاہتے ہیں
واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ کے بارے میں تو میڈ یا میں بہت سی خبریں سامنے آئیں لیکن ان کے خاندان سے متعلق ابھی تک زیادہ لوگوں کو نہیں پتہ ۔امریکہ کا صدر منتخب ہونے کے بعد وننگ سپیچ (جیت کی تقریر)کے موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ کی فیملی کے ممبران بھی وہاں موجود تھے ۔آئیے آپ کو بتا تے ہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے خاندان میں کون کون سے لوگ ہیں ۔
بیرن ٹرمپ:
ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی موجودہ بیوی میلانا ٹرمپ کی اکلوتی اولاد ہیں بیرن ٹرمپ۔ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کے انتخابی مہم میں ایک دو بار نظر آئے لیکن فی الحال وہ بحث سے دور ہی رہے ہیں۔ دس سال کے بیرن اپنے والد ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ گالف کھیلنا پسند کرتے ہیں۔
میلانا ٹرمپ:
یہ ڈونلڈ ٹرمپ کی موجودہ بیوی ہیں۔ دونوں نے 2005 میں شادی کی تھی۔ وہ سلووینا میں پیدا ہوئی تھیں اور ماڈل رہ چکی ہیں۔ انتخابی مہم کے دوران جب ان کے شوہر ڈونلڈ ٹرمپ پر کچھ خواتین نے جنسی استحصال کے الزام لگائے تھے تب میلانیا نے بھرپور طریقے سے اپنے شوہر کا دفاع کیا تھا۔ جولائی 2016 میں وہ اس وقت سرخیوں میں آئیں جب رپبلکن نیشنل کنونشن میں انہوں نے ایک تقریر کی جس کے بارے میں کہا گیا کہ وہ مشیل اوباما کی ایک تقریر کی نقل تھی جو مشیل نے 2008 میں دی تھی۔
جیرڈ شنر:
ڈونلڈ ٹرمپ کی سب سے بڑی بیٹی اوانا کے شوہر ہیں۔ جیرڈ نیویارک کے بڑے پراپرٹی ڈویلپر کے بیٹے ہیں اور دس سالوں سے نیویارک میں ایک ہفتہ وار اخبار شائع کر رہے ہیں۔ ان پر الزام لگا تھا کہ اپنے سسر ڈونلڈ ٹرمپ کے حق میں انہوں نے رپبلکن پارٹی کی حمایت میں صحافت کی۔
اوانا ٹرمپ:
یہ ڈونلڈ ٹرمپ کی سب سے زیادہ جانی پہچانی اولاد ہیں ۔ وہ ڈونلڈ اور ان کی پہلی بیوی اوانکا کی اکلوتی بیٹی ہیں۔ اوانا ماڈل رہ چکی ہیں اور والد کی ایک کمپنی کی نائب صدر ہیں۔ وہ ریئلٹی ٹی وی شو 'دی ہینڈی مین' میں جج رہ چکی ہیں۔ جیرڈ سے شادی کرنے کے بعد انہوں نے یہودی مذہب اپنا لیا۔
ٹفنی ٹرمپ:
یہ ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی دوسری بیوی مارلا میپلز کی بیٹی ہیں ۔ وہ اداکارہ اور ٹی وی آرٹسٹ رہ چکی ہیں۔ سوشل میڈیا پر انتہائی فعال رہنے والی ٹفنی تب بحث میں آئیں جب انہوں نے رپبلکن کنوینشن میں تقریر کی جس کے لیے ان کے والد ڈونلڈ ٹرمپ نے ان کی کافی تعریف کی۔
ونسا ٹرمپ:
ونسا نے ڈونلڈ ٹرمپ کے بیٹے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر سے 2005 میں شادی کی۔ ان کے پانچ بچے ہیں۔ جب وہ بچی تھیں تب انہوں نے ماڈلنگ شروع کر دی تھی۔ وہ مشہور ہالی وڈ اداکار لیونارڈو ڈی کیپریو کی گرل فرینڈ رہ چکی ہیں۔
کائی ٹرمپ:
آٹھ سال کی کائی ٹرمپ ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر اور ونسا کی سب سے بڑی اولاد ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر:
یہ ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی پہلی بیوی اوانا کے سب سے بڑے بیٹے ہیں۔ وہ ٹرمپ آرگنائزیشن کے ایگزیکٹیو شریک چیئرمین ہیں۔ اپنے شکار کے شوق کی وجہ سے وہ کافی تنازعات میں بھی رہے۔ ان کے نام پر اس وقت ایک بڑا تنازع کھڑا ہو گیا تھا جب ان کے بھائی ایرک کے ساتھ وہ تصویر سامنے آئی جس میں دونوں مردہ چیتے اور مگرمچھوں کے ساتھ نظر آئے۔
ایرک ٹرمپ:
ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی پہلی بیوی اوانا کی تیسری اولاد ہیں ایرک۔ وہ ٹرمپ آرگنائزیشن میں ایگزیکٹیو شریک چیئرمین ہیں۔ 2006 میں انہوں نے ایرک ٹرمپ فاونڈیشن قائم کی جس نے کئی ریسرچ ہسپتالوں کو 28 ملین ڈالر کا عطیہ دیا۔ ان ہسپتالوں میں ان بچوں کو علاج ہوتا ہے جو جان لیوا بیماریوں سے دو چار ہیں۔
لارا ناسا:
ٹی وی پروڈیوسر لارا ناسا نے ایرک ٹرمپ سے 2014 میں شادی کی۔ وہ ٹرمپ فاونڈیشن سے منسلک ہیں۔ حال ہی میں لارا تب بحث میں آئیں تھیں جب فوکس نیوز سے بات چیت میں انہوں نے کہا تھا 'ہیلری کلنٹن سوچتی ہیں کہ صرف عورت ہونے کے ناطے انہیںخواتین کے ووٹ مل جائیں گے۔ ان کی یہ سوچ بڑی شرمناک اور عورتوں کے احترام کو ٹھیس پہنچانے والی ہے۔