چیتے ڈاٹ کام اور ڈبلیوڈبلیو ایف پاکستان کے مابین شراکت داری

چیتے ڈاٹ کام اور ڈبلیوڈبلیو ایف پاکستان کے مابین شراکت داری

لاہور(پ ر)پاکستان کے معروف ای کامرس پلیٹ فارم Cheetay.pk نے ورلڈ وائیڈ فنڈ فار نیچر WWF ۔ پاکستان) کے ساتھ شراکت داری کا اعلان کیا ہے جو پاکستان میں جنگلی حیات اور قدرتی تحفظ کا سب سے بڑا ادارہ ہے۔ اس شراکت داری کا بنیادی مقصد ماحول دوست پیکیجنگ کے لئے حل فراہم کرتے ہوئے ایک مرتبہ استعمال ہونے والے پلاسٹک کے استعمال کو کم کرنے کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے اور ’’رنگ دو پاکستان‘‘ کے نام سے شجرکاری مہم میں تعاون کرنا ہے۔ Cheetay اس شراکت داری میں بیجوں کی فراہمی کے لئے اہم پارٹنر کے طور پر شامل ہوگا اور WWF کی شجرکاری کیلئے عطیات میں اضافہ کے لئے معاونت کرے گا۔ حقیقت یہ ہے کہ ایک سادہ پلاسٹک عام طور پر اشیاء کیلئے بیگ کے طور پر استعمال ہوتا ہے جسے تحلیل ہونے کے لئے 100 سال سے زائد کا عرصہ درکار ہوتا ہے۔ اس شراکت داری کے ذریعے Cheetay اپنے صارفین کے لئے دوبارہ استعمال ہونے والے تھیلے متعارف کرائے گا۔ مزید براں وہ ریستوران کی پلاسٹک کے تھیلوں کے استعمال کم کرنے کیلئے حوصلہ افزائی کرے گا اور اپنے شراکت دار ریستورانوں کو انسانی صحت اور ماحول پر پلاسٹک کے خطرات کے بارے میں آگاہی فراہم کرے گا۔

شراکت داری پر تبصرہ کرتے ہوئے بانی اور سی ای او Cheetay.pk احمد خان نے کہا کہ ان کی ہمیشہ سے یہ خواہش ہے کہ کچھ ایسا کیا جائے جو سب سے مختلف ہو جو نہ صرف ہمارے لئے بلکہ آئندہ نسلوں کے لئے زیادہ مثبت اثرات مرتب کرے۔ ہمیں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے یہ اہم موقع ہے، سماجی ذمہ داری اور دنیا کو بہتر بنانے کے لئے کام کرنا نہ صرف ضروری ہے بلکہ یہ ہماری بنیادی اقدار کے مطابق ہے۔ ہمیشہ سے میری ذمہ داری رہی ہے کہ آلودگی میں کمی، پلاسٹک کے تھیلوں کے استعمال کی ممانعت، نامیاتی خوراک اور دیگر ایسے عوامل پر زور دے کر معاشرے میں مثبت کردار ادا کروں۔ اس تعاون سے نہ صرف تحریک سے تبدیلی کی جانب تیزی سے پیشرفت کرنے بلکہ صارفین کی آگاہی اور تعلیم میں بھی مدد ملے گی۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل WWF ۔ پاکستان حماد نقی خان نے کہا کہ ہم جو کچھ کھاتے ہیں وہ نہ صرف ہماری صحت کو متاثر کرتا ہے بلکہ اس کے اثرات ماحول پر بھی مرتب ہوتے ہیں۔ بہت سے ماحولیاتی مسائل کا محور خوراک ہی بنتی ہے اور موسمیاتی تبدیلی میں نمایاں کردار ادا کرتی ہے جس سے عالمی حیاتیاتی تنوع کا 60 فیصد نقصان (زرعی مقصد کے لئے جنگلات کے رقبہ میں کمی کی صورت) ہوتا ہے۔ اس شراکت داری کے ذریعے ہمارا مقصد بہتر خوراک کے استعمال کو فروغ دینے کے سلسلے میں رابطے کے متعلق صارفین کو آگاہی دینا ہے۔ ہمارا مقصد ماحول دوست پیکیجنگ کے طریقہ کار کو فروغ دینا اور Cheetay کے صارفین کو ایک ذمہ دار عالمی شہریوں کی طرح ایک مرتبہ استعمال ہونے والے پلاسٹک کے ڈسپوز ایبل برتن اور پلاسٹک سٹرا کے استعمال کو کم کرنے کیلئے کام کرنا ہے۔

مزید : کامرس