یونان اور پاکستان کے تاجرمل کر تعاون کو فروغ دیں‘ نائب صدر کورفورچیمبر

یونان اور پاکستان کے تاجرمل کر تعاون کو فروغ دیں‘ نائب صدر کورفورچیمبر

لاہور(نیوزرپورٹر)کورفوچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، یونان کے نائب صدر جارج اے کولیٹاس نے لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کہا ہے کہ یونان اور پاکستان کے تاجروں کو مل کر نہ صرف تجارت کے فروغ بلکہ کھیلوں اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے بھی کردار ادا کرنا چاہیے۔ لاہور چیمبر کے سابق صدر سہیل لاشاری، ایگزیکٹو کمیٹی اراکین اور یونان کے وفد کے اراکین نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ کورفو چیمبر کے نائب صدر نے کہا کہ تجارت کے ساتھ کھیلوں اور ثقافت کے شعبوں میں بھی تجارتی وفود کا تبادلہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے چیمبرز کی سطح پر کرکٹ ٹیم بنانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں بڑے اچھے نتائج دے سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونان پاکستان کو زیتون کا تیل، سکریپ اور کپاس برآمد کرنے کی خواہش رکھتا ہے۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ پاکستان اور گریس یونان کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات ہیں مگر باہمی تجارت کا حجم مطلوبہ سطح سے بہت کم ہے جسے بڑھانے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھانا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے یونان کو برآمدات بڑھنا خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تجارت بڑھانے کے لیے نئے شعبوں اور نئی مصنوعات کی شناخت کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کورفو چیمبر کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے کھیلوں اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی تجویز پر اتفاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو تجارتی وفود کے تبادلے پر خصوصی توجہ دینی چاہیے تاکہ تاجر تجارت و سرمایہ کاری کے مواقعوں کا جائزہ لے سکیں۔

شعبہ اطلاعات

کیپشن

لاہورچیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر، نائب صدر فہیم الرحمن سہگل اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین کا کورفوچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، یونان کے نائب صدر جارج اے کولیٹاس اور وفد کے دیگر اراکین کے ہمراہ گروپ فوٹو

مزید : کامرس