انٹر زونل انڈر19 کرکٹ ٹورنامنٹ ،ایسٹ زون ،ویسٹ زون ریڈز اور ایسٹ زون ریڈز نے میں اپنے اپنے میچز جیت لئے
لاہور(سپورٹس رپورٹر) ایسٹ زون گرینز، ویسٹ زون ریڈز اور ایسٹ زون ریڈز کی ٹیموں نے انٹر زونل انڈر۔19 کرکٹ ٹورنامنٹ میں اپنے اپنے میچز جیت لئے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام انٹر زونل انڈر 19کرکٹ ٹورنامنٹ کے اتفاق ایل آر سی اے گرا ؤنڈ پر کھیلے گئے میچ میں ایسٹ زون گرینز نے نارتھ زون گرینز کو 3 وکٹوں سے شکست دیدی۔ نارتھ زون گرینز نے پہلے کھیل کر مقررہ 40 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 164رنز بنائے۔ محمد حسن نے 38 اور خلیل الرحمن نے 31 رنز بنائے، عادل سرور نے 3 سعید احمد اور نعمان بھٹی نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں۔ ایسٹ زون گرینز نے مطلوبہ ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ محمد احمد نے 38 اور شہریار احمد نے 33 رنز بنائے۔ آفاق خان نے 3 کھلاڑی آؤٹ کئے۔ نیو اتفاق کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلے گئے دوسرے میچ میں ویسٹ زون ریڈز نے نارتھ زون ریڈز کو 131 رنز سے شکست دی۔ ویسٹ زون ریڈز نے پہلے کھیل کر مقررہ 40 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 276 رنز بنائے، دانیال احمد نے 65، حیدر شاہ جہان نے 62 اور معاذ علی نے 60 رنز بنائے، احسان ملک نے 2 وکٹیں حاصل کیں جواب میں نارتھ زون ریڈز 145 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی، عمر فارق نے 52 رنز بنائے، حمزہ عمران نے 4، امیر حمزہ، کرامت خان اور علی حسن نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں۔ اسی طرح ریس کورس کرکٹ گراؤنڈ پر ایسٹ زون ریڈز نے ویسٹ زون گرینز کو 94 رنز سے شکست دی۔
ایسٹ زون ریڈز نے پہلے کھیل کر مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز بنائے، معاذ خان نے 59، خاقان عباسی نے 47 اور احسن علی نے 45 رنز بنائے، محمد زمان نے 3 اور داؤد خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں جواب میں ویسٹ زون گرینز 125رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ محمد افضل 22 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ احسن علی نے 4 اور انس وحید نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔