زائد المعیاد اشیاء کی موجودگیپر معروف ہوٹل سیل ، شہد تیار کرنیوالے یونٹس کو جرمانے
لاہور (جنرل رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پرفوڈ سیفٹی ٹیموں نے صوبہ بھر میں شہد پروڈکشن یونٹس کی چیکنگ کی گئی۔ کیمیکل ڈرمز کے استعمال اورناقص سٹوریج کے انتظامات پر 10پروڈکشن یونٹس کو بھاری جر مانے جبکہ 9کو وارننگ نوٹسزجاری کیے گئے۔زائدالمعیاد اشیائے خورونوش کی موجودگی اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر معروف ریسٹورنٹ کو سر بمہر کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ بھر میں 19شہد پروڈکشن یونٹس کی چیکنگ کی گئی۔ گلبرگ میں واقع ریسٹورنٹ کوکھلے کوڑا دان ، زائد المعیاد اشیائے خورونوش کی موجودگی، صفائی کے ناقص انتظام اور ملازمین کے میڈیکلز کی عدم موجودگی پرسر بمہر کیا گیا۔ریسٹورنٹ میں کافی تیار کرنے کے لیے زنگ آلود مشینری کا استعمال بھی کیا جا رہا تھا۔ کیپٹن (ر) محمد عثمان کا کہنا تھا کہ اشیائے خورونوش کا کاروبار کر نیوالے اپنا قبلہ درست کرلیں۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کے قوانین کی بار بار خلاف ورزی کرنے والے فوڈ پوائنٹس کے لائسنس منسوخ کر دیے جائیں گے۔