پہلے خیبر پختونخوا اور اب پورے ملک میں وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کردیا ،فضل حکیم خان

پہلے خیبر پختونخوا اور اب پورے ملک میں وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کردیا ،فضل ...

پشاور( سٹاف رپورٹر)چیئرمین ڈیڈک سوات فضل حکیم خان نے کہا ہے کہ ہم نے پہلے خیبرپختونخوا اور اب پورے ملک میں وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کر دیا ہے ہر قانون کا سب پر یکساں اطلاق ہوگا اسکی وجہ سے امیر اور غریب دونوں کیلئے ترقی کے راستے کھول دیئے گئے ہیں ہم ایڈہاک ازم کی بجائے عوامی مسائل کے پائیدار حل پر یقین رکھتے ہیں ہمارے دفتروں اور گھروں کے دروازے عوام کو ہمیشہ کھلے ملیں گے وہ اپنے حجرہ مکان باغ منگورہ میں شہر کے مختلف حصوں سے آئے وفود سے بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے اپنے بعض اجتماعی نوعیت کے مسائل سے انہیں آگاہ کیا فضل حکیم خان نے کہا کہ نئے پاکستان میں عنقریب ایسا شفاف نظام متعارف ہونے جا رہا ہے جس میں عوام کو اپنے میونسپل اور بنیادی شہری مسائل کے حل کیلئے بار بار درخواستیں دینے اور اعلیٰ حکام کی منت سماجت کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ ایسے تمام مسائل خودکار طریقے سے خود بخود ریکارڈ اور حل کئے جائیں گے انہوں نے کہا کہ ماضی میں کرپشن اور وی آئی پی کلچر نے ملک اور اداروں کی جڑیں کھوکھلی بنا دی تھیں پاکستان تحریک انصاف نے کرپشن اور بدعنوانی مہم کو عوام کے تعاون سے قومی برائی کی پہچان دیدی ہے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت فریب کی سیاست پر نہیں بلکہ حقیقی خدمت پر یقین رکھتی ہے ہماری سیاست کا مقصد غریب عوام کی بے لوث اور بلا امتیاز خدمت کرنا اور ان کے مسائل و مشکلات مستقل بنیادوں پر حل کرنا ہے فضل حکیم خان نے وفود کے مسائل بغور سنے اور انکے حل کیلئے متعلقہ محکموں کو ضروری ہدایات جاری کیں انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی حکومت کا بنیادی مقصد ملک سے حقیقی معنوں میں کرپشن ،ظلم اور نا انصافی کا خاتمہ اور ایک پُرامن اسلامی فلاحی معاشرے کا قیام ہے تحریک انصاف نے کرپشن کے تمام راستے بند کرکے عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کرنے کو یقینی بنانے کا آغاز کر دیاہے انہوں نے کہا کہ اب عوام ہمارے حکمران ہیں اور ہم اُن کے خادم ہیں کیونکہ عوام ووٹ کی طاقت سے ہمیں اپنی خدمت کیلئے منتخب کرتے ہیں اور ہم پانچ سال انکی بے لوث خدمت کرکے انکے سامنے خود کو سرخرو ثابت کرنا چاہتے ہیں تاکہ الیکشن کے وقت عوام کے پاس دوبارہ ووٹ کیلئے جاتے وقت ہمیں دوسروں کی طرح شرمندگی کا سامنا نہ کرنا پڑے انہوں نے کہا کہ خدمت اور کام کی بنیاد پر آئندہ مرکز اور صوبوں میں ہمیشہ پی ٹی آئی کی حکومتیں بنتی رہیں گی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر