اقبال ؒنے اتحاد و اتفاق کی تلقین کی : وزیر اعظم ، حکومت 9نومبر کی تعطیل بحال کرے : چیئر مین سینیٹ

اقبال ؒنے اتحاد و اتفاق کی تلقین کی : وزیر اعظم ، حکومت 9نومبر کی تعطیل بحال ...

اسلام آباد،لاہور(سٹاف رپورٹر، کرا ئم رپورٹر ) سینیٹ میں یوم اقبال پر علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے 9نومبر کو ملک میں عام تعطیل بحال کرنے کی رولنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ علامہ اقبال پاکستان کے معمار ہیں جنہوں نے سب سے پہلے مسلمانوں کیلئے الگ وطن کا خواب دیکھا،ان کی پاکستان اور امت مسلمہ کیلئے خدمات قابل قدر ہیں، ہمیں فخرہے کہ علامہ اقبال کا تعلق پاکستان سے ہے،ان کی شاعری نے مسلمانوں میں نئی روح پھونکی ، حکومت علامہ اقبال کی خدمات کو سراہے اور یوم اقبال کو قومی دن کے طور پر جوش و خروش سے منایا جائے، اس دن حکومت کو عام تعطیل کا اعلان کرنا چاہیے،دوسری جانب سینیٹرز نے کہا کہ اقبال کے پیغام کو عوام اور خصوصاً نوجوانوں میں عام کرنے کی ضرورت ہے،اقبال کا فکر اور شاعری قرآن کی تشریح ہے جس پر عملدرآمد کر کے ہم تمام مسائل حل کر سکتے ہیں،یورپ میں اقبال کے پیغام پر تحقیقی مقالے لکھے جا رہے ہین اور جن مسلمانوں کیلئے یہ کلام لکھا اس نے یہ پیغام یکسر بھلا دیا ہے۔دوسری طرف شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال ؒ کے یوم پیدائش پر مزار اقبالؒ پرگارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب میں پاک بحریہ کے دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے،اہم شخصیات کی حاضری کے بعد مزار اقبالؒ کو عام شہریوں کے لیے کھول دیا گیا، لوگوں کی بڑی تعداد مزار اقبال پر حاضری دے کر حکیم الامت کو خراج عقیدت پیش کیا ۔سٹیشن کمانڈرلاہور کموڈور نعمت اللہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب کے دوران نیوی کے چاق وچوبند دستے نے مزار اقبال پر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔کموڈورنعمت اللہ نے بحریہ اور رینجرز کے دستوں کا معائنہ کیا اور مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ پاک بحریہ کے سربراہ کی جانب سے بھی مزار اقبال پرپھول چڑھائے گئے۔سٹیشن کمانڈر لاہور نے مہمانوں کے کتاب میں تاثرات بھی درج کیے۔

اقبال ڈے

اسلام آباد،لاہور(سٹاف رپورٹر،کرا ئم رپورٹر )وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان علامہ اقبال کے خواب کی تعبیر ہے، علامہ اقبال نے برسوں پہلے ان مسائل کی پیش گوئی کی جن کا ہمیں آج بھی سامنا ہے، فرقہ واریت اور نظریاتی انتہا پسندی جیسے معاملات پر اقبال کی سوچ آج بھی ہمارے لیے مشعل راہ ہے ۔ جمعہ کو وزیراعظم عمران خان نے یوم اقبال کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ علامہ اقبال کا کلام دنیا کے ہر حصے میں پڑھا اور سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے ہمیشہ مسلمانوں کو آپس میں اتحاد اور اتفاق کی تلقین کی اور دعوت عمل دی۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شاعرِ مشرق علامہ اقبال ؒ کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا پیغام پاکستانی قوم سمیت پوری امت کیلئے مشعل راہ ہے۔ یوم اقبال ؒ پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی علامہ اقبال ؒ کے فکر و فلسفہ کی امین ہے۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی ترقی، خوشحالی، بہتری کے لیے علامہ اقبال کے پیغام کواپنانا ہوگا، قائداعظم اوراقبال کی فکرسے ہٹ کرملک چلانے کا ہرتجربہ ناکام ہو۔تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے یوم اقبال کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ شاعر مشرق ڈاکٹرعلامہ محمد اقبال کے یوم ولادت کو خوشی اور برکت کا دن سمجھتے ہیں۔

پیغامات

مزید : صفحہ اول