چین سے 6 ارب ڈالر کے پیکج کیلئے مذاکرات میں پیش رفت

چین سے 6 ارب ڈالر کے پیکج کیلئے مذاکرات میں پیش رفت

اسلام آباد، بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں)چین کے دارالحکومت بیجنگ میں پاک چین خارجہ ، خزانہ اور دیگر شعبوں کے اعلیٰ حکام کا مشترکہ اجلاس ختم ہوگیا جس کے بعد چین سے مالیاتی پیکج حاصل کرنے کی بات چیت اگلے مرحلے میں داخل ہوگئی۔پاکستان مدد، قرض ا و ر بینک میں رقم رکھوانے کیلئے 6 ارب ڈالر کے پیکج کا خواہشمند ہے۔ مالیاتی پیکج سمیت تمام امور پر مزید غور اور مذاکرات کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔مذاکرات میں سی پیک میں دوطرفہ منصوبوں اور سرمایہ کاری میں توسیع کے امور پر بھی اتفاق کیاگیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے پاکستا ن کو چین سے پیکج ملنے کی امید ہے لیکن اس میں وقت لگے گا، چین نے مالیاتی پیکج اور باہمی معاشی و تجارتی تعاون بڑھانے کی بات کی ہے، چین زراعت سمیت صنعت و پیداوار میں جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی میں مدد کریگا، ریلوے اور گوادر پورٹ کی تعمیر تیز کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔مذاکرات میں پانی قابل استعمال بنانے کے منصوبوں کی فوری فزیبلٹی تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ مشترکہ کرنسی میں باہمی تجارت میں اضافے، بینگنگ نظام میں تعاون سے متعلق امور طے ہوگئے۔ چین پاکستان کامالیاتی ڈسپلن بہتر بنانے میں بھی مدد فراہم کریگا۔خیال ر ہے وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے فالو اپ کیلئے چین سے مالی پیکج اور مارکیٹ رسائی سے متعلق امور کو حتمی شکل دینے کی غرض سے بیجنگ جانیوالے وفد میں گورنر سٹیٹ بینک طارق باجوہ، سیکریٹری خزانہ عارف احمد خان، سیکریٹری منصوبہ بندی ظفر حسن اور سیکرٹری تجا ر ت محمد یونس ڈاگھا شامل ہیں۔پاکستانی وفد بیجنگ میں 4 روز قیام کے دوران مالی پیکج کے خدوخال طے کرے گا اور اس حوالے سے چینی حکام سے بات چیت شروع ہوگئی ہے، برآمدات کے فروغ کے لیے مارکیٹ رسائی سے متعلق معاملات کو حتمی شکل دے گا۔

پیش رفت

مزید : صفحہ اول