پنجاب میں حقیقی تبدیلی لانے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا ، عثمان بزدار

پنجاب میں حقیقی تبدیلی لانے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا ، عثمان بزدار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب کو پائیدار ترقی دے کر حقیقی تبدیلی لائیں گے اور مل کر عوام کی خدمت کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر وزیراعلیٰ آفس اور وزیراعلیٰ ہاؤس کے گریڈ ایک سے 21 تک کے افسروں اور عملے کے اعزاز میں منعقدہ فرشی تقریب کے موقع پر کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عملے اور افسروں کے پاس جا کر فرداً فرداً ان سے خود ہاتھ ملایا اور احوال دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ عملے اور افسروں کے ساتھ لان میں زمین پر بیٹھے اور ان کے ساتھ زمین پر بیٹھ کر ہی کھانا کھایا۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کی تقریب صرف وزیراعلیٰ آفس کے ملازمین اور افسروں کے اعزاز میں ہے ۔ اپنے گھرانے کو اپنے گھر ہی دعوت دی جاتی ہے اور میں نے آج اپنے گھرانے کو بلایا ہے،ہم تبدیلی کے دعوے نہیں کرتے بلکہ تبدیلی لا کر دکھاتے ہیں اور پروٹوکول کلچر کو بھی تبدیل کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی آفس میں کام کرنے والے میرے دست و بازو ہیں۔ افسروں اور ماتحت عملے نے تین ماہ کے دوران انتہائی محنت اور لگن سے کام کیا ہے اور میں سب کی محنت اور صلاحیتوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں، وزیراعلیٰ نے اس موقع افسروں اور ملازمین کیلئے اعزازیہ دینے کا اعلان بھی کیا۔ پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر راحیل صدیقی نے اس موقع پر کہا کہ یہ تقریب ’’ ایک ہی صف میں کھڑے ہوگئے محمود وایاز‘‘ کا عملی نمونہ ہے ۔ تقریب کے انعقاد پر ملازمین اور افسروں کی طرف سے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے یوم اقبالؒ کے موقع پرشاعر مشرق کے مزار پرحاضری دی۔ وزیراعلیٰ نے فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پارٹنر سکولوں کو فنڈز کی عدم ادائیگی کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے پارٹنر سکولوں کو فنڈز کی ادائیگی کیلئے سمری کی منظوری دی ۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ سکولوں کو فنڈز کی ادائیگی جلد کی جائے اور اس ضمن میں کسی قسم کی تاخیر نہیں ہونی چاہئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب

مزید :

صفحہ اول -