سینیٹ امیدواروں کاعشائیہ ، وزراء سمیت متعدد ارکان اسمبلی غیر حاضر ، تحریک انصاف میں کھلبلی

سینیٹ امیدواروں کاعشائیہ ، وزراء سمیت متعدد ارکان اسمبلی غیر حاضر ، تحریک ...

لاہور(شہزاد ملک ) حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹ کے امیدوار ولید اقبال اور خواتین کی نشست پر امیدوار سیمی ایزدی نے جمعرات کو رائل پام کنٹری کلب میں پی ٹی آئی کے وزراء اور ایم پی ایز کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس میں پی ٹی آئی کے آدھے وزراء اور ایم پی ایز غائب رہے جبکہ اس عشائیے میں ایک اہم وزیر کی غیر حاضری بھی موضوع بحث بنی رہی ۔ذرائع کے مطابق اس تشویشناک صورت حال پر ولید اقبال نے گزشتہ روز وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات بھی کی اور انہیں اس گھمبیر صورت حال سے آگاہ کیا جس کے بعد معاملات کو سلجھانے کی غرض سے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے بھی پی ٹی آئی کا ووٹ بینک اکھٹا کرنے کیلئے 14نومبر کو عشائیہ منعقد کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔پی ٹی آئی ذرائع نے ’’ پاکستان‘‘ کو بتایا ہے کہ جمعرات کو ولید اقبال اور سیمی ایزدی نے صوبائی وزراء اور ارکان اسمبلی کے اعزاز میں رائل پام کنٹری کلب میں عشائیے کا اہتمام کیا۔عشائیے میں میڈیا کو مدعو نہیں کیا گیا تھا تاکہ امیدوار اور ووٹرز کھل کر تبادلہ خیال کر سکیں اور ان کا ایک دوسرے کے ساتھ تفصیلی تعارف بھی ہو سکے ۔ذرائع کے مطابق عشائیے میں صوبائی وزرا اور تحریک انصاف کے آدھے ارکان اسمبلی غیر حاضر رہے ،ذرائع کے مطابق عشائیے میں نہ پہنچنے والے ارکان نے غیرحاضری کو ذاتی مصروفیات قراردیا ۔ذرائع کے مطابق عشائیے میں ایک اہم وزیر کی غیرحاضری پر شرکاء نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتنا اہم معاملہ ہے اورا س موقع پر انہیں اپنی تمام تر مصروفیات ترک کرکے آنا چاہئے تھا ۔

تحریک انصاف / کھلبلی

مزید : صفحہ اول