فیاض چوہان لیگی کارکنوں کے حمزہ شہباز پر پھول نچھاور کرنے پر برہم

فیاض چوہان لیگی کارکنوں کے حمزہ شہباز پر پھول نچھاور کرنے پر برہم

لاہور( جنرل رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ملکی خزانہ لوٹنے پرشریف فیملی کو حساب دینا ہوگا۔حمزہ شہباز کی نیب میں پیشی پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن کے بے تاج بادشاہ حمزہ شہباز نے نیب دفتر کے باہرکارکنوں سے گل پاشی ایسے کروائی جیسے کشمیر فتح ، دہلی کے لال قلعہ پر پاکستانی پرچم لہرا کر یا پھر حج کی ادائیگی سے واپس آئے ہوں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حمزہ شہباز کارکنوں کو بتائیں کہ وہ قومی خزانے کی چوری کے جرم میں بلائے گئے تھے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ نیب کے باہر رویہ آل شریف اور ان کے حواریوں کی ذہنی اور اخلاقی پستی کا ثبوت ہے۔

فیاض الحسن چوہان

لاہور (صباح نیوز) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد حمزہ شہباز شریف آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں نیب لاہور میں پیش ہو گئے۔ نیب کی تین رکنی تفتیشی ٹیم نے حمزہ شہباز سے ڈھائی گھنٹے تک آمدن سے زائد اثاثوں اور رمضان شوگر ملز کے حوالے سے سوالات پوچھے جبکہ تفتیشی ٹیم کی جانب سے حمزہ شہباز کو ایک سوالنامہ بھی دیا گیا تاکہ انہیں دوبارہ طلب کیا جا سکے جبکہ نیب کی جانب سے حمزہ شہباز کے بھائی سلمان شہباز کو بھی آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں طلب کیا گیا تھا تاہم وہ بیرون ملک ہونے کی وجہ سے پیش نہیں ہو سکے۔

حمزہ نیب میں پیش

مزید : صفحہ اول