موت برحق ، جانتا ہوں مجھ سے کون سی طاقتیں نبرد آزما ہیں : آصف زرداری

موت برحق ، جانتا ہوں مجھ سے کون سی طاقتیں نبرد آزما ہیں : آصف زرداری

نوابشاہ، سکھر(صباح نیوز) سابق صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ مجھے معلوم ہے کہ مجھ سے کونسی طاقتیں نبردآزما ہیں لیکن پھر بھی اپنے بچوں کو اس جنگ میں سپاہیوں کی حیثیت سے اتار چکا ہوں ۔ نو ا بشاہ میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کا کہنا تھا آنکھیں دیکھنے کیلئے ہوتی ہیں اور میں سب کچھ دیکھ رہا ہوں، مجھے معلوم ہے کن قوتوں کے درمیان جھگڑا ہے اور کون سی قوتیں مجھ سے نبرد آزما ہیں، سب کچھ جاننے کے باوجود اپنے اکلوتے بیٹے اور بیٹی کواس جنگ میں بہادر سپاہیوں کی حیثیت سے اتار چکا ہوں۔آصف زرداری کا کہنا تھا پیپلز پارٹی عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے، شہید ذوالفقارعلی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے مشن کو آگے بڑھانے کی جو ذمہ داری مجھ پرعائد ہوتی ہے اس مشن سے نہیں ہٹوں گا۔ علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے ہم شہروں کو لاک ڈاون، سول نافرمانی، پارلیمنٹ پر قبضہ اور بل نہ دینے والی سیاست نہیں کرتے، حکومت عوام سے کیے وعدے پورے کرے، ہم ان کا ساتھ دیں گے۔تحفظات کے باوجود حکومت کو موقع فراہم کرنا چاہتے ہیں، سکھر کے نواحی علاقے کندھرا میں ہندو برادری کے مذہبی تہوار دیوالی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید خورشید احمد شاہ کا کہنا تھا کہ ہم مسائل کے حل کے لئے حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں، گالم گلوچ کی سیاست نہیں کرتے، ہم جھگڑے نہیں چاہتے، ملک کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں، بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں شہید بھٹو اور بی بی والی سیاست کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم کسی بھی سپر طاقت کی کٹھ پتلی بننے کو تیار نہیں، کسی اور ملک کے ایجنڈے پر کام کرنا نہیں چاہتے، عوام کو خوشحالی، ترقی اور روزگار دیا جائے یہ ہماری خواہش ہے۔ اگر کوئی دشمن بھی پاکستانی عوام کی خدمت کرے تو اس کے ساتھ بھی تعاون کریں گے۔

خورشید شاہ

مزید : صفحہ آخر