اسسٹنٹ کمشنرکلایہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کلایہ کا اچانک دورہ

اسسٹنٹ کمشنرکلایہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کلایہ کا اچانک دورہ

پشاور( سٹاف رپورٹر) قبائلی ضلع اورکزئی کے ڈپٹی کمشنرخالد اقبال کی ہدایت پراسسٹنٹ کمشنرلوئر سب ڈویژن کلایہ عباس خان آفریدی نے جمعرات کی رات تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کلایہ کا اچانک دورہ کیاجہاں وہ مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملے اور ان کے مسائل ومشکلات سے آگاہی حاصل کی۔اسی طرح وہ ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز اور طبی عملے سے بھی ملے اور ان کے ساتھ ہسپتال کی بہتری اور مریضوں کو زیادہ سے زیادہ طبی سہولیات کی فراہمی کے امور پربھی تبادلہ خیال کیا۔انہیں بتایا گیا کہ ہسپتال میں رات کے وقت پورا طبی عملہ حاضر رہتاہے اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں وہ اس کے لئے ہمہ وقت تیار رہتاہے جس پراسسٹنٹ کمشنر نے اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے ان کے جذبہ خدمت انسانیت کو سراہا۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے عباس آفریدی کا کہناتھاکہ رات کے وقت ڈاکٹرسمیت تمام طبی عملہ ڈیوٹی پر موجود پاکر انہیں دلی خوشی ہوئی اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے انہیں ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔ان کا مزید کہناتھاکہ دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت میں دنیا اور آخرت کی کامیابی ہے اور بحیثیت ایک مسلمان یہ ہماری مذہبی ذمہ داری بھی ہے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر