مردان میں کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے زیر اہتمام آگاہی واک

مردان میں کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے زیر اہتمام آگاہی واک

مردان (بیورورپورٹ) ٹی ایم اے مردان کے زیر اہتمام کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے سلسلے میں آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر ڈاکٹرمحمد قاسم،تحصیل ناظم محمد ایوب خان، نائب ناظم مشتاق سیماب اور ٹی ایم او نثار خان کررہے تھے۔انہوں نے ٹی ایم اے دفتر کے لان میں پودے لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح بھی کر دیا۔واک کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینر ز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جس پر کلین اینڈ گرین پاکستان کے حوالے سے نعرے درج تھے۔واک کے اختتام پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد قاسم،تحصیل ناظم محمد ایوب خان ،نائب ناظم مشتاق سیماب اور تحصیل میونسپل افسر نثار خان نے کہاکہ عوام کے تعاون کے بغیر صاف اور گرین مردان کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہاکہ صفائی صرف ٹی ایم اے سٹاف کی ذمہ داری نہیں بلکہ معاشرے کے ہر فرد کو گھر کی صفائی کے ساتھ ساتھ اپنے شہر کی صفائی پر بھی بھرپور توجہ دینی چاہےئے۔انہوں نے کہاکہ لاکھوں عوام اگر اس مہم میں حصہ لیں تو وہ دن دور نہیں کہ پورا ملک گندگی سے پاک ہوگا۔انہوں نے کہاکہ کلین پاکستان مہم کے سلسلے میں شہری اور دیہی علاقوں میں خصوصی آپریشن کئے جائیں گے اور نالیوں کی صفائی کے ساتھ ساتھ جگہ جگہ پر پڑے کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں کو بھی ٹھکانے لگا یا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ صفائی نصف ایمان ہے اور ہمیں حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنا چاہےئے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر راستے میں گند نظر آئے تو انہیں مختص جگہ میں پھینک دیں تاکہ سرکاری اہلکار اسے ٹھکانے لگائیں۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد قاسم،تحصیل ناظم محمد ایوب خان،نائب ناظم مشتاق سیماب اور ٹی ایم او نثار خان یوسفزئی نے ٹی ایم اے لان میں پودے لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح بھی کر دیا۔مقررین نے کہاکہ شجرکاری کرنا آج بھی ہماری ضرورت ہے اور یہ مستقبل میں بھی ہمارے ملک کے لئے انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے اور یہ ماحول کی صفائی کے لئے بھی انتہائی اہم ہے۔انہوں نے کہاکہ پودے لگانے سے ہم موسمیاتی تبدیلیوں پر قابو پاسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پودے لگانے کے بعد انکی دیکھ بھال کے لئے بھی اقدامات اٹھانے چاہےئے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر