بلاول بھٹونے پی اے سی کی چیئرمین شپ کی پیشکش مسترد کردی
اسلام آباد(آن لائن) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تحریک انصاف حکومت کی جانب سے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی)کی چیئرمین شپ کی پیشکش مسترد کردی۔ پیپلزپارٹی ذرائع نے بتایا کہ قومی اسمبلی میں حکومتی نشستوں سے ایک وفاقی وزیر نے بلاول بھٹو زرداری کو پی اے سی کی چیئرمین شپ کی پیشکش کی۔اس حوالے سے مزید بتایا گیا کہ بلاول بھٹو نے مسکراتے ہوئے پیشکش مسترد کردی اور کہا کہ وہ مذکورہ معاملے پر اپوزیشن کو تقسیم نہیں کرنا چاہتے۔اس ضمن میں پی پی پی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے ٹوئٹ کیا کہ ایک مرتبہ پھر بلاول بھٹو نے سیاسی بصیرت کا مظاہرہ کیا اور پی اے سی کے چیئرمین شپ کا عہدہ قبول کرنے سے انکار کردیا۔ان کا کہنا تھا کہ منتخب حکومت اپوزیشن کو تقسیم کرنا چاہتی ہے۔