مختلف اضلاع میں جیلوں کی نئی بیرکس بنارہے ہیں ،ناصر حسین شاہ

مختلف اضلاع میں جیلوں کی نئی بیرکس بنارہے ہیں ،ناصر حسین شاہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)حکومت سندھ صوبے کے مختلف اضلاع میں جیلوں کی نئی بیرکس بنارہی ہے جس میں ملیر جیل میں ایک ہزار قیدیوں کے لئے نئی بیرک کا منصوبہ بھی شامل ہے اسی طرح حیدرآباد بے نظیرآباد اور ٹھٹھہ میں بھی نئی جیلوں کی تعمیر کا کام جاری ہے ۔صوبے کی جیلوں میں نئی بیرکس کی تعمیرسے پانچ ہزار قیدیوں کو رکھنے کی گنجائش بڑھ جائیگی۔ یہ بات صوبائی وزیر جیل خانہ جات سید ناصر حسین شاہ نے جمعہ کو سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران محکمہ جیل سے متعلق ارکان کے مختلف تحریری اور ضمنی سوالات کا جواب دیتے ہوئے بتائی۔وقفہ سوالات کے دوران وزیرجیل خانہ جات ناصرشاہ اور مسلم لیگ فنکشنل کی خاتون رکن نصرت سحرعباسی کے درمیان دلچسپ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔نصرت سحر نے وزیر جیل سے کہا کہ آج ایوان کی کارروائی کا پہلا دن ہے فراخدلی کا مظاہرہ کریں جس پر ناصرشاہ کا کہنا تھا کہ اگر میری بہن کوئی سوال کرے تو کیسے ہوسکتا ہے کہ میں جواب نہ دوں ۔ وازیر جیل نے بتایا کہ لاڑکانہ جیل میں چار قیدی خواتین کیساتھ بچے بھی ہیں ۔ قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے تجویز پیش کی کہ حاملہ خواتین کو جیل میں قید نہیں رکھناچاہیے۔اگر حکومت قیدی خواتین سے متعلق کوئی قانون سازی کرے گی تو ہم اس کی حمایت کرینگے ۔ ایم کیو ایم کے خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ 28 کیسزمجھ پرہیں میرا انوسٹی گیشن سماعت پرآتا ہی نہیں ہے ،مقدمات کے تاخیر سے فیصلوں کا ذمہ دار پراسکیوشن کا شعبہ ہے اور حکومت سندھ اس کی کارکردگی کا نوٹس نہیں لیتی۔انہوں نے کہا کہ جیلوں میں دوہرے نظام کا خاتمہ کیاجائے ،کچھ غریب قیدیوں کو چھترمارکر بیرک میں رکھاجاتاہے جبکہ کچھ قیدیوں کو سہولیات دی جاتی ییں۔پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ وفاقی حکومت جیلوں میں اصلاحات اور قوانین میں ترامیم پرکام کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ قیدی بچوں خواتین کے لیے قوانین کو بدلنے کی ضرورت ہے۔ جی ڈی اے کے عارف مصطفی جتوئی نے کہا کہ جیلوں میں قید نوعمرملزمان اصلاح کے بجائے بڑے مجرم بن کر نکلتے ہیں نوعمر قیدیوں کے لیے نئی قانون سازی کی ضرورت ہے ہونی چاہیے ۔ پیپلز پارٹی کے شرجیل میمن نے کہا کہ جیلوں کی حالت پہلے سے بہتر ہوئی ہے تاہم اسکے باوجود جیلوں میں مزید اصلاحات کی ضرورت ہے ،جیل عملے کی تنخواہیں کم ہیں جن میں اضافہ ضروری ہے ،جیل میں کمپیوٹر کورس اور انگلش لینگویج کے کورس کرائے جاتے ہیں

مزید : کراچی صفحہ اول