زرداری کے دوروں نے مخالفین کی نیند حرام کردی ہے ،منظور وسان

زرداری کے دوروں نے مخالفین کی نیند حرام کردی ہے ،منظور وسان

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے نائب صدر منظور وسان اور جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے کہا ہے کہ سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کے سندھ کے دو روزہ دورے نے مخالفین کی نیند حرام کر دی ہے ۔آصف علی زرداری خیرپور ، سانگھڑ اور نواب شاہ کے مختصردوروں نے کارکنان میں نئی روح پھونک دی ہے ۔ان باتوں کا اظہار دونوں رہنماؤں نے اپنے جاری کردہ مشترکہ بیان میں کیا۔ پی پی پی رہنما منظور وسان کا کہنا تھا کہ کارکنان کی خواہش تھی کہ آصف علی زرداری خیرپور کا دورہ کریں اور کارکنان کی درخواست پر ایک دن کے نوٹس پر خیرپور پہنچے اور کارکنان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا مگر صرف میرے ضلع کے نہیں دیگر اضلاع کے کارکنان بھی آصف علی زرداری کو اپنے علاقوں میں خوش آمدید کہنا چاہتے ہیں اور آصف علی زرداری کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے میرے حلقہ میں آکر ورکر سے خطاب کیا ۔کھلاڑی دھول چاٹیں گے جیالے آصف زرداری کی قیادت میں اگلی بار وفاقی حکومت بنائینگے۔ آصف علی زرداری کو مزید دوروں کی دعوت دیتا ہوں ، آصف علی زرداری عوامی رہنما ہے اور پاکستان کی عوام آج بھی ان کو اپنے درمیان دیکھنے کی خواہش مند ہے۔ پی پی پی سندھ کے صوبائی جنرل سیکریٹری وقارمہدی نے کہا آصف علی زرداری وقتا فوقتاً کارکنان سے ملتے رہتے ہیں اور یہ سلسلہ کئی سالوں پرمحیط ہے ۔ آصف علی زرداری کے عوامی اجتماعات کے بعد چند لے پالک اداکاروں میں بے چینی پھیل چکی ہے اور طرح طرح کی باتیں گڑھ رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آصف علی زرداری آنے والے دنوں میں بھی کارکنان سے خطاب کرتے رہینگے کیونکہ پی پی پی رہنماؤں کا رشتہ عوام سے وہ رشتہ ہے جو پھول کا خوشبو سے ہے کیا کبھی بھول کو بھی خوشبو سے الگ کیا جاسکتا ہے۔

مزید : کراچی صفحہ اول