مشکلات کے باوجود اس ملک کو دوبارہ اقبال کا پاکستان بنایا جائیگا :کامرا ن بنگش

مشکلات کے باوجود اس ملک کو دوبارہ اقبال کا پاکستان بنایا جائیگا :کامرا ن بنگش

پشاور( سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس، ٹیکنالوجی وانفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش نے نوجوانوں پر زور دیاہے کہ وہ شاعر مشرق اور مفکر پاکستان علامہ محمداقبال کے شاہین بن کر اس ملک کی تعمیر وترقی میں اپنا کردار ادا کریں کیونکہ کل ملک کی باگ ڈور انہوں نے سنبھالنی ہے۔ جس پاکستان کا خواب شاعر مشرق نے دیکھاتھا اس کو شرمندہ تعبیر کر نے کیلئے پاکستان تحریک انصاف میدان عمل میں آئی ہے اور درپیش مشکلات کے باوجود اس ملک کو دوبارہ اقبال کا پاکستان بنایا جا ئے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز گورنمنٹ کالج پشاور میں شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے یوم ولادت کی مناسبت سے منقعدہ ایک پروقار تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا۔ تقریب میں پشاور کے مختلف سرکاری کالجوں کے پرنسپل ،کالج ھذا کے اساتذہ کرام اور طلبہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی منقعدہ تقریبسے کالج کے پرنسپل پرو فیسر شریف گل و دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ یوم اقبال کی مناسبت سے طلبہ کے مابین تقریری مقابلے بھی ہوئے اور شاعر مشرق کی مسلمانوں کی بیداری کیلئے کوششوں پر روشنی ڈالی گئی۔ منعقدہ تقریب سے خطاب میں وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی کا کہنا تھاکہ اقبال کی نئی نسل سے بہت امیدیں وابستہ تھیں اس لئے انہوں نے نو جوانوں کو شاہین سے تشبیہ دی اور ان کو غیر متزلز کوششیں کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے طلبہ سے کہا کہ وہ علامہ اقبال کے رہنما اصولوں پر کار بند ہو کر اس ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے سوچیں اور اپنی اساتذہ کی محنت ضائع نہ کر یں کیونکہ قوم کی نو جوانوں سے بہت سی امید یں وابستہ ہیں اور کل ہماری اس نئی نسل نے دنیا میں ہر شعبے میں لیڈر بن کر ملک وقوم کا نام روشن کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے نوجوانوں کوساتھ لیکر اس ملک کو باوقار ملک کے طور پر کھڑاکرنے کیلئے کمرکس لی ہے اور اسی ملک کی تقدیر بدلنے جارہے ہیں ۔وہ دن دور نہیں کہ ہمارے ملک کو ترقی یافتہ اقوام کے صف میں لاکھڑا کیا جائے گا۔ دریں اثناں وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی نے گورنمنٹ کالج پشاور میں واٹرفلٹریشن پلانٹ کا افتتاح بھی کرلیا۔

مزید : کراچی صفحہ اول