صوبے میں سیاحت کے فروغ کیلئے وسیع امکانات موجود ہیں : محمد عاطف خان

صوبے میں سیاحت کے فروغ کیلئے وسیع امکانات موجود ہیں : محمد عاطف خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


مردان (بیورورپورٹ) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے سیاحت اور امور نوجوانان محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ صوبے میں سیاحت کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں اور یہی وجہ ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت سیاحت کے شعبے کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے اور اس مقصد کیلئے ''کلین اینڈ گرین پاکستان'' مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ ماحول صاف ہوگا اور ہمارے پہاڑ اور میدان سرسبز ہونگے تو بیرونی سیاح یہاں کا رخ کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ویمن یونیورسٹی مردان میں کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے سلسلے میں منعقدہ واک کے اختتام کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرپی کے23 کے ایم پی اے عبدالسلام آفریدی بھی موجود تھے۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہاکہ سیاحت کے فروغ کیلئے 80 فیصدمقامات ہمارے صوبے میں ہیں اور حکومت ٹوارزم کے حوالے سے نئے سیاحتی مقامات کو ترقی دینا چاہتی ہے جہاں پر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا جس سے صوبے کی معاشی صورتحال کی بہتری کے ساتھ ساتھ لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔ محمد عاطف خان نے مزیدکہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا جھیلوں، پہاڑوں اور آبشاروں کا خطہ ہے لیکن بد قسمتی سے ماضی میں انہیں سیاحوں کیلئے پرکشش بنانے پر مناسب توجہ نہیں دی گئی، سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت نے ٹمبر مافیا کے گرد گھیرا تنگ کررکھا ہے اور غیر قانونی طور پر درختوں کی کٹائی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کیجائیگی۔ قبل ازیں سینئر صوبائی وزیر عاطف خان نے ویمن یونیورسٹی مردان میں ایک اجلاس کی صدارت بھی کی۔ اس موقع پر یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر غزالہ یاسمین نے سینئر وزیر کو یونیورسٹی کی مجموعی کارکردگی اور انتظامی امور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، سینئر صوبائی وزیر نے کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور یونیورسٹی انتظامیہ کو ایسے مضامین کورس میں شامل کرنے کا مشورہ دیا جن سے طالبات کو تعلیم مکمل کرنے کے بعد روزگار کے مواقع میسر آسکیں۔بعد ازاں صوبائی وزیر نے یونیورسٹی کے لان میں پودا بھی لگایا اور کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کی کامیابی کے لئے دعا کی۔

Back to Conversion Tool