منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام کینڈل لائٹ واک کا اہتمام کیا
راولپنڈی (سٹی رپورٹر)منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام ماہ ربیع الاول کے آغاز کی خوشی میں پریس کلب راولپنڈی کے سامنے سے ایک خوبصورت کنیڈل لائٹ واک کا اہتمام کیا گیا،واک میں شریک خواتین اور بچے نے اپنے ہاتھوں میں روشن موم بتیاں اٹھا رکھی تھیں اور سب مل کر طلع البدر علینا کے نغمے الاپ رہے تھے ،واک پریس کلب کے دروازے سے شروع ہو کرمری روڈ پر لیاقت باغ چوک میں آکر اختتام پذیر ہوئی ۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن کی مرکزی نائب صدر راضیہ نوید اور ضلع راولپنڈی کی صدر ناہیدہ راجپوت نے کہاکہ جغرافیائی سرحدوں کے ساتھ ساتھ نظریاتی حدوں کی حفاظت بھی ضروری ہوتی ہے ،ہم نے اپنے تہواروں کو منانا چھوڑ دیا جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ ہماری نسلوں میں ہندی اور مغربی ثقافت سرایت کر گئی ، میلاد اسلامی ثقافت کا سب سے بڑا مظہر اور تحریک منہاج القرآن فروغ عشق مصطفی ﷺ کی سب سے بڑی تحریک ہے ،تحفظ ناموس رسالت کا سب سے بڑا تقاضا ء یہ ہے کہ ہماری انفرادی و اجتماعی زندگیاں سیرت رسول کے مطابق ڈھل جائیں، انہوں نے ماہ ربیع الاول کے آغاز پر تمام مسلمانوں کو مبارکباد دی ۔