پنجاب کی ثقافت کے رنگ ہرجگہ نمایاں ہیں :شیخ راشد شفیق
راولپنڈی (سٹی رپورٹر)ممبرقومی اسمبلی شیخ راشدشفیق نے کہا ہے کہ پنجاب کی ثقافت کے رنگ ہرجگہ نمایاں ہیں اور خطے کے ہنرمندوں نے پنجاب اورپاکستان کا مثبت چہرہ پیش کیا ہے۔یہ بات انھوں نے لوک ورثہ میں جاری 10 روزہ ثقافتی میلے میں پنجاب پویلین کے دورے کے موقع پرکہی۔انھوں نے پویلین میں تمام سٹالوں کا دورہ کیا اوردستکاروں کے کام کی تعریف کی۔ ایگزیکٹوڈائریکٹرلوک ورثہ شاہیرا شاہداورڈائریکٹرراولپنڈی آرٹس کونسل وقاراحمدبھی ان کے ہمراہ تھے۔شیخ راشد شفیق کا کہنا تھا کہ پنجاب کے تمام شہروں سے دستکاروں کوایک جگہ اکٹھا دیکھ کربہت خوشی ہوئی اورہردستکاراپنے فن میں یکتا ہے۔اس کے علاوہ ایگزیکٹوڈائریکٹرپنجاب آرٹس کونسل ثمن رائے نے بھی ڈائریکٹرآپریشن ابرارعالم کے ہمراہ پنجاب پویلین کا دورہ کیا۔ ثمن رائے کا کہنا تھا کہ پنجاب آرٹس کونسل دستکاروں کی فلاح اورفن کی ترویج کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی اور’ فن مٹی سے‘ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔پنجاب جوکہ پانچ دریاؤں کی سرزمین ہے اور اس کی ثقافت نہایت دلکش اور خوبصورت ہونے کے ساتھ ساتھ صدیوں پرانی بھی ہے اسی لئے لوک میلہ میں پنجاب پویلین کاشمارمیلہ کے نمایاں پویلینز میں ہوتا ہے۔اس پویلینزمیں پنجاب کی ثقافت کے تمام رنگ اور دستکاریوں کے تمام نمونے نمائش کیلئے سجائے گئے ہیں جنہیں تمام ہنرمند براہ راست بنانے کا عملی مظاہرہ کر رہے ہیں ۔چاہے چاک پر مٹی کے برتن بنانانا ہوں یا دیسی کھڈی پر کھیس یادریاں بناناہوں، گوٹاکناری یا ٹانکہ لگانے کا فن ہو یا پھرلکڑی، پتھر،ہاتھی دانت، میٹل یاکپڑے پرکشیدہ کا ری کاکام ہو یا پھرٹھپہ سازی کا ہنرہو ، تمام شعبہ کے ماہر دستکار پنجاب پویلین میں موجود ہیں اور اپنے فن پاروں کی بناوٹ میں مگن ہوکر لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔