آمد مصطفی ؐ پر خوش ہونے والوں سے خدا خوش ہو تا ہے:سید اظہار بخاری

آمد مصطفی ؐ پر خوش ہونے والوں سے خدا خوش ہو تا ہے:سید اظہار بخاری

راولپنڈی(سٹی رپورٹر) محمدی مسجد لالکڑتی میں آمد مصطفی ؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز مذہبی سکالر علامہ پیر سید اظہار بخاری نے کہا ہے کہ آمد مصطفی ؐ پر خوش ہونے والوں سے خدا خوش ہو تا ہے ۔ ربیع الاول کا چاند نظر آتے ہی پوری کائنات میں رحمتوں کی بہار آجاتی ہے ۔ربیع الاول ملاپ کا اور نفرتیں مٹانے کا مہینہ ہے ۔یہ وہ مبارک مہینہ ہے ،جس کی آمد کی خوشی میں اللہ تعالی خود ہی گلشن کائنات کو سجا دیتا ہے ۔اس مبارک گھڑی میں ہم جتنی بھی خوشی منائیں ، کم ہے ۔لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے ،کہ ہم ان مبارک لمحوں کو کیسے گزاریں ۔کیا ہمارے فرائض صرف جلسے اور تقروں تک محدود ہیں ،یا ہم پر کوئی اور ذمہ داری بھی عائد ہوتی ہے۔ آمدرسول ؐسے انسانی تہذیب و ترقی کا راستہ روشن ہوگیا۔ نبی پاک ؐ کی ولادت دنیا کائنات کیلیے بہت بڑی سعادت ہے ۔آمدرسول ؐپر قوم متحد ہو جائے ۔رسول کریم ؐ دنیا کائنات کی وہ عظیم ہستی ہیں ، جن کے ماتھے کی روشنی سے روشن خیالی جنم لیتی ہے ۔ جن کے قدموں کے نشان سے منزل کا سراغ ملتا ہے ۔اور جن کی شریعت سے بے انصافی اور ظلم کے سارے دروازے بند ہو جاتے ہیں دنیا کائنات کا ہر ذرہ مدحت رسولؐ بیان کر رہا ہے ۔نام محمدؐکی طرح نظام مصطفی ؐ میں بھی خدا نے بر کتیں رکھی ہیں ۔ذکر مصطفیؐ کرنے والوں کی بستی میں خدا کی رحمت برستی ہے ۔زندگی کو جنتی بنانے کیلیے عبادت خدا کی، اطاعت مصطفی ؐکی ضروری ہے ۔ وہ گھر جنت کا خزینہ ہوتا ہے ، جس میں ذکر مدینہ ہوتا ہے ۔ ذکر خدا اور ذکر محمدؐ دلوں کو زندہ رکھنے کا ذریعہ ہے ۔پیغام مصطفی ؐکی تعلیمات سے انسانی زندگی اور سوچ و فکرمیں جو انقلاب برپا ہوا ۔اس کی نظیر دنیا میں نہیں ملتی ۔آپ ؐ کی حیات طیبہ کا ایک ایک لمحہ اُمت مسلمہ کیلیے مشعل راہ ہے ۔ اپنی زندگیوں کو اُسوہ حسنہ ؐ میں ڈھال کر معاشرے کی تطہیر کرنا ہوگی ۔ اظہار بخاری نے کہا نظام مصطفی ؐ کے سوا ہر نظام فراڈ ہے ۔عشق رسولؐ کی بھٹی میں کُندن بن کر نکلنے والوں کو ہر عظمت سلام کرتی ہے ۔دامن مصطفی ؐکی چھاؤں میں آنے والے خدا کی رحمت کے سائے تلے ہونگے ۔آج مسلمان پستیوں کی دلدل میں اس لیے پھنس رہا ہے ،کہ اس نے بلندیوں پر جانے والے نبی پاک ؐکا راستہ چھوڑ دیا ۔اگرد ل اطاعت رسولؐ سے خالی ہو تو ہر عبادت بے جان لاش بن جاتی ہے ۔ اطاعت رسول ؐ ہی کامیابی کی ضمانت ہے ۔لہذا ضرورت اس امر کی ہے ، کہ ہم منافقت اور حسدکی منڈی بند کردیں ، اور اپنی زندگیوں کو اُسوہ حسنہ ؐ میں ڈھال کر نبی پاک ؐکے منشور کو دستور بنا لیں ۔تو معاشرے کی تطہیر ہوجائیگی۔نبی پاک ؐسے محبت انسان کو جنتی بنادیتی ہے ۔آخر میں اظہار بخاری نے ملکی استحکام و ترقی کیلیے خصوصی دعا کی ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر