سہون ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تمام مسائل کا حل نکالا جائے گا ،سعید غنی

سہون ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تمام مسائل کا حل نکالا جائے گا ،سعید غنی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات و کچی آبادی سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سہون ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تمام مسائل کا حل نکالا جائے گا لیکن ضروری ہے کہ اتھارٹی کے افسران اور ملازم بھی اس اتھارٹی کو مستحکم کرنے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ سہون ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کے حوالے سے ہفتہ کو ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں اس باڈی کو مکمل کرکے جلد ہی اس کا اجلاس طلب کیا جائے گا۔ اتھارٹی اپنے جاری اسکیموں کو جلد سے جلد مکمل کرنے پر توجہ دے اور اس کے لئے درکار فنڈز پر میں وزیر اعلیٰ سندھ سے بات کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اپنے دفتر میں سہون ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر منیر احمد سومرو اور ڈپٹی ڈائریکٹر رحمت اللہ لاشاری سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کے کوآڈینیٹر محمد خان ابڑو اور دیگر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں اتھارٹی کے پی ڈی منیر احمد سومرو اور رحمت اللہ لاشاری نے صوبائی وزیر کو اتھارٹی کو درپیش مسائل بالخصوص فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث ملازمین کی تنخواؤں کی ادائیگی میں حائل دشواریوں اور جاری منصوبوں میں ترقیاتی کاموں کو مکمل کرنے کے حوالے سے فنڈز کی ریلیز میں تاخیر سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا کہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیع عوام کو سستے اور آسان گھروں کی فراہمی ہے اور ہماری پہلی ترجیع ہے کہ ہم تمام اتھارٹیز میں ماضی کی اسکیموں کو جو کسی وجہ سے تاخیر کا شکار ہیں ان کو مکمل کریں انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں انہوں نے کے ڈی اے، ایل ڈی اے ، ایم ڈی اے اور ایچ ڈی اے کے بعد اب ایس ڈی اے میں بھی جاری اسکیموں کو مکمل کرنا ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر