شہباز شریف کی احتساب عدالت پیشی، لیگی کارکنوں اور پولیس میں جھڑپ

شہباز شریف کی احتساب عدالت پیشی، لیگی کارکنوں اور پولیس میں جھڑپ
شہباز شریف کی احتساب عدالت پیشی، لیگی کارکنوں اور پولیس میں جھڑپ

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو آج احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا اور اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آشیانہ اقبال کرپشن سکینڈل میں گرفتار سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ نیب حکام مزید تفتیش کیلئے عدالت سے شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست کریں گے۔ پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے اور راستے کنٹینر لگا کر بند کردیئے گئے ہیں۔

اپنے رہنما کے استقبال کیلئے مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے احتساب عدالت پہنچنے کی کوشش کی لیکن پولیس نے انہیں آگے جانے سے روک دیا جس پر دونوں کے درمیان تصادم اور جھڑپیں ہوئی ہیں۔ لیگی کارکنوں نے شدید احتجاج اور نعرے بازی کی جبکہ پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا۔

آگے جانے سے روکنے پر خواتین سمیت لیگی کارکنوں نے سیکرٹریٹ چوک میں دھرنا دے دیا ہے۔ وہ اپنے قائدین نواز شریف اور شہباز شریف کی تصاویر اٹھائے مسلسل احتجاج کررہے ہیں اور حکومت مخالف نعرے لگارہے ہیں۔ پولیس نے ایک کارکن کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد حراست میں بھی لیا تاہم کچھ دیر بعد چھوڑ دیا ہے۔

مزید : اہم خبریں /قومی /علاقائی /پنجاب /لاہور