معروف گالفر ٹائیگر ووڈز نے سعودی عرب کی 40 کروڑ روپے کی پیشکش ٹھکرادی
جدہ(مانیٹرنگ ڈیسک) ترکی میں واقع سعودی سفارتخانے میں صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے باعث سعودی عرب کو عالمی سطح پر شدید دباؤ کا سامنا ہے اور اب تک کئی بین الاقوامی شہرت یافتہ کھلاڑی سعودی عرب میں ہونے والے کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت سے انکار کر چکے ہیں۔ اب اس فہرست میں گالف کے معروف کھلاڑی ٹائیگرووڈ ز کا بھی اضافہ ہو گیا ہے جنہوں نے ساڑھے 32لاکھ ڈالر (تقریباً 43ارب 55کروڑ روپے) کے عوض سعودی عرب میں کھیلنے کی پیشکش ٹھکرا دی ہے۔
یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ ٹائیگرووڈز نے یہ پیشکش جمال خاشقجی کے قتل پر احتجاجاً ٹھکرائی ہے یا اس کی کوئی اور وجہ ہے، تاہم دی ٹیلیگراف نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ سعودی حکام نے ٹائیگرووڈز سے رابطہ کیا تھا اور انہیں یہ پیشکش کی تھی۔واضح رہے کہ جمال خاشقجی کے قتل کے بعد کئی بین الاقوامی کمپنیاں بھی سعودی عرب سے سرمایہ کاری واپس نکال چکی ہیں۔ اس سے قبل ٹائیگرووڈز کے دوست اور ٹینس سٹار راجر فیڈرر بھی سعودی عرب میں 10لاکھ ڈالر(13کروڑ 40لاکھ روپے) کے عوض کھیلنے کی پیشکش ٹھکرا چکے ہیں اور انہوں نے واضح کیا تھا کہ ان کے انکار کی وجہ جمال خاشقجی کا قتل ہے۔