کویت کے وزیر نے استعفیٰ دے دیا، وجہ ایسی کہ جان کر ہی ہمارے وزیر شرم سے پانی پانی ہوجائیں

کویت کے وزیر نے استعفیٰ دے دیا، وجہ ایسی کہ جان کر ہی ہمارے وزیر شرم سے پانی ...
کویت کے وزیر نے استعفیٰ دے دیا، وجہ ایسی کہ جان کر ہی ہمارے وزیر شرم سے پانی پانی ہوجائیں

  

کویت سٹی(مانیٹرنگ ڈیسک)ہمارے ہاں حکمران باتیں تو بہت بڑی بڑی کرتے ہیں مگر عمل کے میدان میں ان کا ریکارڈ کچھ اچھا نہیں۔ بڑے سے بڑا سانحہ پیش آ جائے کسی وزیر کو توفیق نہیں ہوتی کہ اپنا عہدہ چھوڑ دے۔ دوسری جانب کویت کے وزیر ماحولیات کا احساس ذمہ داری دیکھ لیجئے۔ ملک میں بارشوں کی زیادتی سے سیلابی کیفیت پیدا ہوئی تو فوراً استعفٰی دے دیا۔

گلف نیوز کے مطابق ملک میں شدید سیلابی کیفیت پید اہونے کے بعد کویت کے وزیر برائے پبلک ورکس و میونسپل افیئرز حسام الرومی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ملک کے طول و عرض میں متاثرین کی مدد کے لئے فوج اور نیشنل گارڈ نے بھی ریسکیو آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔ 

سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی تصاویر اور ویڈیوز میں کویت کے مختلف حصوں میں سیلابی کیفیت کو دیکھا جا سکتا ہے۔ کویتی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعرات کی شام سے لے کر اگلے 24 گھنٹوں کے دوران 29.63ملی میٹر بارش ہوچکی ہے ۔ کویت میں 24 گھنٹوں کے دوران یہ غیر معمولی بارش ہے۔ 

سیلابی کیفیت کا نشانہ بننے والے علاقوں میں کمیونٹی سنٹرز کو کھول دیا گیا ہے تاکہ متاثرہ لوگ وہاں پناہ لے سکیں۔ وزارت داخلہ کی جانب سے شہریوں کو خبر دار کیا گیا ہے کہ وہ گھروں سے نکلنے سے گریز کریں ۔ استعفیٰ دینے والے وزیر کا کہنا تھا کہ انہیں سیلاب کے باعث لوگوں کی املاک کو پہنچنے والے نقصان پر شدید افسوس ہے۔ 

مزید : ڈیلی بائیٹس