دی لاہور لائیسم سکول اقبال ٹاؤن میں یوم اقبال کے موقع پر خصوصی تقریب
لاہور (لیڈی رپورٹر) دی لاہور لائسیم سکول علامہ اقبال ٹاؤن رچنا بلاک کیمپس کے ڈائریکٹر عقیل خان نے کہا ہے کہ علامہ اقبال ایک عظیم رہنما، فلاسفراورشاعرتھے، علامہ اقبال کے افکاراورفلسفہ خودی کو اپنا کرہی بے پناہ مسائل کے شکار پاکستان کوعظیم اورخوشحال ملک بنایا جاسکتا ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے دی لاہور لائسیم سکول علامہ اقبال ٹاؤن رچنا بلاک کیمپس میں اقبال ڈے کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کے افکارنوجوان نسل کیلئے آج بھی مشعل راہ ہیں جونہ صرف انہیں گمراہی سے بچاتے ہیں بلکہ خودی کا ایسا سبق دیتے ہیں جوکسی بھی قوم کی تعمیروترقی میں بنیادکی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج اقبال کا پاکستان بے پناہ مسائل کا شکارہے پاکستان کی نظریاتی اورجغرافیائی سرحدوں کوخطرات لاحق ہوچکے ہیں،تحفظ واستحکام پاکستان کیلئے حکمرانوں سمیت پوری قوم کو علامہ اقبال کی نظریاتی سوچ اورفلسفہ پرعمل کرنا ہوگا۔
اوراقبال کے ویژن کے تحت پاکستان کو ایک حقیقی جمہوری اورفلاحی مملکت بنانے کیلئے لسانی اورفرقہ وارانہ تفریق سے بالاترہوکرآگے بڑھنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم کویہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم علامہ اقبال کی تعلیمات پرعمل پیرا ہوکرپاکستان کوموجودہ بحرانوں سے نکال کرترقی وخوشحالی کی راہ پرگامزن کرنے کیلئے انتھک محنت کریں گے۔